+آسلام آباد ( ویب نیوز )
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پوری کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں قدرتی گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔اس سے گیس کے صارفیں پر 310 روپے کا آضافی بوجھ پڑ ھے گا۔
حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 16.6 فیصد سے 124 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، 50 کیوبک میٹر تک گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
100کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں 16.6 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور 100 کیوبک میٹر گیس کی قیمت 300 روپے سے بڑھا کر 350 روپے ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔
اسی طرح 200 کیو بک میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں 32 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور 200 کیو بک میٹر گیس استعمال پر گھریلو صارفین کے لیے قیمت 553 سے بڑھا کر 730 روپے ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔
گیس کی قیمتوں میں اضافہ گھریلو، کمرشل، پاور سیکٹر، کھاد، سیمنٹ انڈسٹری اور سی این جی سمیت تمام شعبوں کے لیے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں قدرتی گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔
اجلاس میں بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کیلئے 40 ارب کی گرانٹ منظور، جی 20 ممالک سے DSSI اقدام کے تحت قرض ری شیڈول کی بھی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیئے جانے سے عالمی مالیاتی فنڈ کی ایک اور شرط پوری ہو گئی۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ نے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے اور قیمتوں میں اضافہ کرنے کا پلان منظور کیا تھا، سرکولیشن کے ذریعے نظر ثانی سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کی منظوری دی گئی، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلئے شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے جون تک گھریلو صارفین کیلئے بجلی 7 روپے فی یونٹ تک مہنگی ہو گی، مارچ 2023 سے برآمدی شعبے اور کسانوں کیلئے بجلی پر سبسڈی ختم کی جائے گی، برآمدی شعبے کیلئے بجلی پر 12روپے 13پیسے فی یونٹ کی سبسڈی بھی واپس لے لی جائے۔
پلان کے مطابق جون 2023 تک بجلی صارفین سے تقریباً 250 ارب روپے ریکور کئے جائیں گے، اس کے علاوہ 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا سرچارج بھی لگے گا، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کی جائے گی، جون تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے سے 73 ارب روپے حاصل ہوں گے، اس حوالے سے رواں ماہ بجلی 4 روپے 46 پیسے تک مہنگی ہو گی۔
ذرائع کے مطابق فروری کے ٹیرف میں اوسط اضافہ 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ بنے گا جبکہ مارچ میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 69 پیسے مہنگی کی جائے گی، جون میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 64 پیسے مہنگی ہوگی، ستمبر میں بھی بجلی ایک روپے98 پیسے مہنگی کی جائے گی۔
جون تک برآمدی شعبے، کسانوں کیلئے سبسڈی ختم ہونے سے 65 ارب روپے حاصل ہوں گے، برآمدکنندگان کیلئے بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے 51 ارب روپے اضافی خزانے میں جمع ہوں گے، کسان پیکیج کے تحت بجلی پر سبسڈی ختم ہونے سے 14 ارب روپے زائد ملیں گے۔