اسلام آباد (ویب نیوز)

رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوتے ہی مہنگائی کی شرح 46 اعشاریہ 65 فیصد پر پہنچ گئی اور 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کی شرح میں بڑا اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد اضافہ ہوا ہے، جب کہ سالانہ بنیادوں پر 46.65 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان کے آتے ہی 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور آٹے، ٹماٹر، آلو، دال، چینی اورگھی کی قیمتیں بڑھ گئیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر 58 روپے سے بڑھ کر 100 روپے فی کلو پر پہنچ گیا ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1817روپے سے بڑھ کر2587 روپے کا ہو گیا ہے۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 770 روپے مزید مہنگا ہوا ہے، اور دال ماش 415 روپے سے بڑھ کر 421 روپے سے زائد ہوگئی ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گھی ، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔