مظفر آباد (ویب نیوز)

بینک آف آزاد جموں و کشمیرکی جانب سے قرضہ جات کی خصوصی سکیم ”گولڈ لون“ کے تحت ریاستی صارفین کو 311ملین روپے سے زائد کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔ گزشتہ روز گولڈ لون سے متعلق جاری تفصیلات میں کہا گیا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کا کوئی بھی کھاتہ دار اس سکیم سے مستفید ہو سکتا ہے جب کہ یہ بینک خطہ کا واحدمالیاتی ادارہ ہے جو مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ اور انتہائی آسان شرائط پر سونے کے عوض صارفین کو قرضہ جات کی سہولت فراہم کررہاہے۔ بینک ”سونا بھی محفوظ، ضرورت بھی پوری“سلوگن کے تحت مستحق صارفین کوتیز ترین پراسیسنگ سے سونے کے عوض قرضہ جات دیتا ہے جس سے بڑی تعداد میں ضرورت مند مستفید ہو رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ قرض کی حد پانچ لاکھ سے بڑھا کر 10لاکھ روپے کر دی گئی ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔تفصیلات میں مزید کہا گیا کہ ایڈوانس سیلری لون،ہاؤسنگ فنانس، پرسنل لون، کار فنانسنگ، موٹر سائیکل لون، ہوم اپلائنسز، ایس ایم ای، مائیکرو، کمرشل، ٹورازم ڈویلپمنٹ اور ہیلتھ کیئر وغیرہ جیسی قرضہ جات سکیموں تک صارفین کی رسائی اور فوری ادائیگیوں سے خطے کی سماجی اور معاشی ترقی میں تیزی آرہی ہے۔ علاوہ ازیں صدر /سی ای اوجناب خاور سعید کی نگرانی ورہنمائی میں عملے کی محنت اور ٹیم ورک، صارفین کے تعاون سے بینک بزنس اہداف عبورکر رہا ہے۔