مظفر آباد( ویب نیوز  )

بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے آزاد ریاست میں سیاحت کی ترقی کے لئے 10لاکھ روپے تک کے قرضہ جات فراہم کرنے کی سکیم متعارف کرنے کے بعد لانچ کر دی گئی۔گزشتہ روز یہاں بینک کے صدر اور سی ای او خاور سعید نے ایک پر وقار تقریب کے دوران سکیم کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں بینک ڈویژنل ہیڈز سمیت سینئر سٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر بینک صدر نے کہا کہ آسان شرائط پر مبنی اس قرض سکیم کا مقصد آزاد جموں و کشمیر میں سیاحتی مقامات پر نئے گیسٹ ہاؤسز کی تعمیراور رہائشی گھروں کی گیسٹ ہاؤسز میں منتقلی اوران کی تزئین و آرائش شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکیم کی کامیابی کے لئے بینک کا عملہ بھر پور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیرکے واحد مالیاتی ادارے کی جانب سیریاست میں سیاحت کی ترقی کے لئے یہ سکیم شروع کی ہے۔جب کہ سیاحتی مقامات پر سیاحت کے فروغ میں دلچسپی لینے والوں میں پہلے سے ہی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ بینک کی طرف سے مختلف مقامات پر آگاہی بینرز آویزان کئے گئے ہیں اور عوام کی سیاحت میں سرمایہ کاری سے متعلق دلچسپی بڑھانے کے لئے بروشرز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ بینک کی سیاحتی ترقی کے لئے متعارف کردہ سکیم کے تحت فراہم کردہ قرضہ جات کی حد پانچ سال رکھی گئی ہے جس کی کم از کم ماہانہ اقساط، تیز ترین پراسسنگ ہو گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکاری سہولیات کی فراہمی سمیت ان کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ملازمین کے لئے ایڈوانس سیلری سکیم، گولڈ لون، گھر کی تعمیر، گاڑی اور موٹر سائیکل کی خریداری اور دیگر مصنوعات کی مد میں عوام کو آسان شرائط پر قرضہ جات فراہم کرر ہا ہے۔ اب بینک نے سیاحت کی ترقی کے لئے خصوصی سکیم متعارف کر دی ہے۔ جس کے تحت بنجوسہ، تولی پیر، میر پور، راولاکوٹ، وادی نیلم اور دیگر سیاحتی مقامات پر قرضہ جات کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ اس سکیم سے کم آمدن والے لوگ بھی سیاحت کے فروغ اور ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔