کراچی :اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے تیزی کا رجحان

کے ایس ای100انڈیکس400پوائنٹس کے اضافے سے47ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر47400پوائنٹس پر جا پہنچا

کراچی( ویب  نیوز)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے بلندی کی جانب گامزن رہی ،کے ایس ای100انڈیکس400پوائنٹس کے اضافے سے47ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر47400پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں98ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم ایک بار پھر83کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ52.74فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ وفاقی حکومت کی معیشت کو متاثر کئے بغیر اسمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی سے سرمایہ کاروں میں پیدا ہونیوالے اعتماد ،آئی ایم ایف کی معیشت کو سہارا دینے کیلئے نرم شرائط پر 2.8ارب ڈالر کا نیا قرض دینے ،جولائی میں ملکی برآمدات ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے ساتھ گاڑیوں ،پیٹرولیم مصنوعات اور سیمنٹ کی ریکارڈ فروخت ،بجلی کی بڑھتی ہوئی پیداوار سے سرکلر ڈیٹ میں کمی کے امکانات جیسے عوامل اور سیاسی افق پر اور معاشی محاذ پر مثبت خبروں کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں3دن تیزی کا رجحان غالب رہا اس دوران کے ایس ای100انڈیکس734.59پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ منافع کی خاطر فروخت کے دبائو کے سبب2دن کی مندی میں انڈیکس299.93پوائنٹس لوز کر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 434.66پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس47055.29پوائنٹس سے بڑھ کر47489.95پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 128.3پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 18837.05پوائنٹس سے بڑھ کر18965.35پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32163.11پوائنٹس سے بڑھ کر32543.99پوائنٹس پر جا پہنچا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں98ارب14کروڑ22لاکھ37ہزار174روپے کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 82کھرب42ارب71کروڑ13لاکھ61ہزار73روپے سے بڑھ کر83کھرب40ارب85کروڑ35لاکھ98ہزار247روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس47979.89پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس47051.81پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ15ارب روپے مالیت کے54کروڑ68لاکھ10ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم9ارب روپے مالیت کے25کروڑ23لاکھ45ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 2425کمپنیو ں کا کاروبا ر ہوا جس میں سے1279کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1038میں کمی اور108کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام ،ہم نیٹ ورک ،بائیکو پیٹرولیم ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ ،حیسکول پیٹرول ،اینگرو پولیمر ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،ایونسن لمیٹڈ ،سلک بینک لمیٹڈ ،دوست اسٹیل لمیٹڈ ،ٹی پی ایل کارپوریشن لمیٹڈ ،سٹی فارما لمیٹڈ ،ٹریٹ کارپوریشن ،غنی گلوبل ،فلائنگ سیمنٹ ،پیس پاک لمیٹڈ ،ایگری ٹیک لمیٹڈ ،سوئی نادرن گیس ،پی ٹی سی ایل ،جہانگیر صدیق کمپنی ،یوسف ویوونگ،کوہ نور اسپیننگ ،پرویز احمد کمپنی ،سمٹ بینک اور ٹی پی ایل پراپرٹیز سر فہرست رہے ۔