- آئین کے مطابق گورنر کے پاس تاریخ دینے کا ابھی وقت ہے،ایڈووکیٹ جنرل
- اس پر بعد میں بات ہوگی، پہلے تحریری جواب دیں کہ خط کے جواب میں گورنر نے تاریخ نہیں دی،عدالت
- گورنر بہانے بنا کر تاریخ نہیں دینا چاہتے ہیں،وکیل پی ٹی آئی
- عدالت نے جمعرات تک سماعت ملتوی کردی
پشاور (ویب نیوز)
خیبر پختونخوا اسمبلی کے بروقت انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کرلیا، کل( جمعرات تک) سماعت ملتوی کردی۔ منگل کو پشاور ہائی کورٹ میں کے پی اسمبلی کے بروقت انتخابات کے لئے پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی، اسد قیصر، شبلی فراز اور شاہ فرمان عدالت میں پیش ہوئے۔صوبائی ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ چیف سیکرٹری نے جواب جمع کیا ہے۔عدالت نے کہا کہ گورنر نے جواب جمع نہیں کیا،گورنر ہمیں بتا دیں کہ کیوں ابھی تک تاریخ نہیں دی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آئین کے مطابق گورنر کے پاس تاریخ دینے کا ابھی وقت ہے۔عدالت نے کہا کہ اس پر بعد میں بات ہوگی، پہلے تحریری جواب دیں کہ خط کے جواب میں گورنر نے تاریخ نہیں دی، الیکشن کمیشن کو اگر تاریخ نہیں ملی تو کیا لائحہ عمل ہوگا۔عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو بھی تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت میں پیش کیا، وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن ،گورنر اور صدرکے خطوط ریکارڈ پر موجود ہیں،گورنر بہانے بنا کر تاریخ نہیں دینا چاہتے ہیں۔عدالت نے الیکشن کمیشن اورگورنر سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کل( جمعرات تک) سماعت ملتوی کردی۔