- آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور اتفاق رائے سے آگاہ کیا
- صدر مملکت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر بات چیت کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا
- اہم موضوع پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا زیادہ مناسب ہوگا، فوری طور پر اجلاس بلایا جائے تاکہ بل کو بلاتاخیر قانون بنایا جا سکے۔عارف علوی کامشورہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملاقات کی اور انہیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور اتفاق رائے سے آگاہ کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر بات چیت کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ ریاست پاکستان حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم رہے گی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت ایک آرڈیننس جاری کرکے ٹیکسوں کے ذریعے اضافی ریونیو اکٹھا کرنا چاہتی ہے۔ صدر نے مشورہ دیا کہ اس اہم موضوع پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا زیادہ مناسب ہوگا اور فوری طور پر اجلاس بلایا جائے تاکہ بل کو بلاتاخیر قانون بنایا جا سکے۔۔