پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن شہری منیر احمد کی درخواست پر آج (بدھ کو) سماعت کریں گے
لاہور ( ویب نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر الیکشن کمیشن اور گورنر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔ عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر کرلی گئی جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن شہری منیر احمد کی درخواست پر بدھ کو سماعت کریں گے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو گورنر سے مشاورت کے بعد الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیا، عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے الیکشن کی تاریخ نہیں دی۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے الیکشن کمیشن وفد نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنرہاوس پنجاب میں ملاقات کی۔ جس میں گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن حکام کے درمیان پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کیلیے تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا اور اجلاس بے نتیجہ رہا۔ گورنر پنجاب کا لاہور ہائیکورٹ سے فیصلیکی تشریح کیلئے رجوع کرنے کا فیصلہ، گورنر پنجاب لاہور ہائی کورٹ سے سنگل بنچ کے فیصلے کے قانونی دائرہ کار سوال اٹھاتے ہوئے پوچھیں گے کہ الیکشن تاریخ سے متعلق فیصلہ کیسے گورنر پنجاب پر لاگو ہوتا ہے؟