ایف آئی اے نے فرخ حبیب اور اعجاز الحق کو طلب کرلیا
فرخ حبیب پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ، 21 فروری کو پیش ہونے کی ہدایت
اعجازالحق پر منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام
فیصل آباد(ویب نیوز)
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب اور مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ اعجازالحق کو طلب کرلیا۔پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کو ایف آئی اے فیصل آباد سرکل کی جانب سے طلبی کا نو ٹس جاری کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق فرخ حبیب پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔فرخ حبیب کو ایجنسی کی جانب سے لکھے گئے خط میں انہیں 21 فروری کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس حوالے سے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فرخ حبیب نے کہا کہ پہلے توہین عدالت کرکے فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے سے روکنے پر ڈکیتی کا پرچہ درج کیا، اب ایف آئی اے کی جانب سے من گھڑت انکوائری کا نوٹس مل گیا ہے۔فرخ حبیب نے مزید لکھا کہ شہباز شریف، رانا ثنا جتنی انتقامی کارروائیاں کرنی ہے کرلو، عمران خان کے ساتھ ڈٹ کھڑے ہیں اور حق سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے انشاللہ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ اعجاز الحق کو بھی ایف آئی اے نے طلب کرلیا۔اعجازالحق پر منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام ہے۔ایف آئی کے مطابق اعجازالحق پر 1.8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ اور آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کا الزام ہے۔ایف آئی اے نے بتایا کہ اعجازالحق کے خلاف 1.8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ایف آئی اے نے اعجاز الحق کو اکیس فروری کو فیصل آباد دفترمیں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔اعجازالحق کا کیس نیب کی جانب سے ایف آئی اے کو منتقل کیا گیا تھا۔عجاز الحق کی تفتیش جوائنٹ انکوائری ٹیم کرے گی