راولپنڈی (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت تیسرے روز پی ٹی آئی کے 6 رہنماوں، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس اور درجنوں کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں دے دیں۔عمران خان کی جیل بھرو تحریک کے تیسرے روز راولپنڈی میں گرفتاریوں کے لئے نماز جمعہ کے بعد کمیٹی چوک پر قائدین اور کارکنان جمع ہوئے۔ جہاں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، رہنما پی ٹی آئی عامر کیانی،غلام سرور خان،واثق قیوم عباسی،راجہ بشارت،راجہ راشدحفیظ نے کمیٹی چوک پر کارکنان کی حوصلہ افزائی کیلیے تقاریر کیں اور گرفتاریاں دیے بغیر واپس چلے گئے۔کارکنان کے کمیٹی چوک پہنچنے کے بعد پولیس نے مائیکرو فون پر گرفتاری کے خواہش مند کارکنان کو مطلع کیا کہ قیدی وینز موجود ہیں، جو بھی گرفتاری دینا چاہتا ہے وہ بس میں سوار ہوجائے، پہلے پی ٹی ائی کے سابق اقلیتی رکن پنجاب اسمبلی سیموئیل طارق ہاتھوں میں زنجیر پہنے کارکنان کے ساتھ کمیٹی چوک پہنچے۔پولیس نے کارکنان کی امد کے ساتھ ہی پہلے قیدی وین کا دروازہ کھول دیا،جسکے کارکنان نے رضاکارانہ گرفتاریوں کا اغاز کیا،قیدی وین میں چڑھ کر بیٹھ گئے،پہلی قیدی وین کی روانگی سے قبل سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کمیٹی چوک پہنچے اور قیدی وین میں بیٹھ گئے۔انہوں نے کہا کہ ڈٹ کر عمران خان کا ساتھ دیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ ہی درخواستیں دیں گے۔فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے، فیاض الحسن چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے بھی گرفتاری دی۔پولیس فیاض الحسن چوہان اور پی ٹی آئی کارکنوں کو کمیٹی چوک سے پہلی قیدی وین میں لے کر روانہ ہوئی تو سابق اراکین پنجاب اسمبلی، اعجاز خان جازی، لطاسب ستی،سابق رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی،سابق مشیر وزیراعظم زلفی بخاری بھی قیدی وین پر کارکنان کے ساتھ سوار ہوگئے۔ کارکنان نعرے لگاتے قیدی وینز کی چھت پر سوارہو گئے۔پی ٹی ائی کارکنان کو چھتوں سے اتارنے کے لئے پولیس ملازمین اورتحریک انصاف کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی،زلفی بخاری گرفتاری سے قبل بولے عمران خان عالمی شہرت یافتہ لیڈر اور تحریک انصاف قومی جماعت ہے، کارکنان کی رضاکارانہ گرفتاریاں د ینے کے بعد پولیس چار قیدی وینز میں بیٹھے۔پی ٹی ائی رہنماوں اور کارکنان کو پانچ وینز میں لے کر پولیس روانہ ہوئی۔ ایک وین میں پی ٹی آئی کی دو خواتین کارکنان بھی موجود تھیں جنہوں نے رضاکارانہ گرفتاری دی۔ فیاض الحسن چوہان کے بھانجے کا دعوی ہے کہ پولیس گرفتار کارکنان کو سابق صوبائی وزیر سمیت روات کے قریب چھوڑ رہی ہے،لیکن کارکنان نے واپس جانے سے انکار کر دیا ہے