اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 27 نشستوں پر ضمنی انتخابات روک دیئے، پی ٹی آئی کے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 27 نشستوں پر ضمنی انتخابات روکنے کا نوٹیفکیشن جاری جبکہ پی ٹی آئی کے 32 ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ای سی پی کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 27 منتخب ارکان جبکہ مخصوص نشستوں پر آنیوالی 5 خواتین اراکین کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت جن خواتین ارکان کی رکنیت بحال ہوئی ان میں عالیہ حمزہ، کنول شوذب، عندلیب عباس، اسما حدید اور ملیکہ بخاری شامل ہیں۔پنجاب سے قومی اسمبلی کے جن 27 حلقوں پر انتخابات ملتوی کئے گئے ان میں راولپنڈی کے 6 حلقے شامل ہیں جبکہ فیصل آباد، خوشاب، لاہور ملتان، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق میانوالی اور بھکر کے ضمنی انتخابات بھی تاحکم ثانی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی میں واپسی کے اعلان کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے طویل عرصہ بعد استعفوں کی منظوری کو تحریک انصاف کے اراکین نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔۔