- وزیر خارجہ بلاول بھٹو 8 مارچ کو نیویارک میں او آئی سی کانفرنس ، 10 مارچ کو اسلامو فوبیا کانفرنس کی صدارت کریں گے
- اٹلی اور لیبیا کے ساحلوں پر دو حادثات میں 9 پاکستانی جاں بحق اور 2 لاپتہ ہوگئے، 17 کو بچایا گیا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا کی پریس بریفنگ
اسلام آباد (ویب نیوز)
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتارہے گا، بلاول بھٹو 8 مارچ کو نیویارک میں او آئی سی کانفرنس کی صدارت کریں گے، اٹلی اور لیبیا کے ساحلوں پر دو حادثات میں 9 پاکستانی جاں بحق اور 2 لاپتہ ہوگئے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ8 مارچ کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اسلام اور خواتین کے بارے میں کانفرنس میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے، پاکستان کی طرف سے منعقد کی گئی یہ کانفرنس اقوام متحدہ میں منعقد ہوگی، پاکستان بطور چیئر آف منسٹرز او آئی سی کانفرنس کی میزبانی کرے گا، 10 مارچ کو بلاول بھٹو اسلامو فوبیا کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ س موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے، 4 سے7 مارچ کو جرمنی کے وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ترجمان کا مزیدکہنا تھا کہ فروری میں بھی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم جاری رہے، دو کشمیریوں کو شہید اور 7 کو زخمی کیا گیا، اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں پرگولیاں چلائی گئیں، 400 سے زائدکشمیری رہنما، صحافی اور دانشوربھارتی جیلوں میں قید ہیں، پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اٹلی کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 2 پاکستانی جاں بحق ہوئے، 17 پاکستانیوں کو بچایا گیا، 2 تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ لیبیا کشتی حادثے میں7 پاکستان جاں بحق ہوئے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق لاشوں کی شناخت اور واپسی کیلئے دونوں حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔