- ملازمین کی اپ گریڈیشن سے سندھ کے خزانے پر 24 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد کا بوجھ بڑھ گیا
کراچی (ویب نیوز)
سندھ کابینہ نے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ بند جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کام سے منسوب 3 ہزار 264 اسامیوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کابینہ اجلاس ہوا،اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کام سے منسوب 3264 اسامیوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ بی ایس 5 سے 10 کے کمپیوٹر آپریٹرز کی ان اسامیوں کو والوں کو بی ایس 12 میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ بی ایس 11 سے بی ایس 15 کے آئی ٹی ملازمین کو بی ایس 16 میں اپ گریڈ کیا جارہا ہے ، اس کے علاوہ 16 گریڈ کے ملازمین کو بی ایس 17 میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ 3264 ملازمین کی اپ گریڈیشن سے سندھ کے خزانے پر 24 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب سندھ کابینہ نے کرونا وائرس ایمرجنسی فنڈ بند کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے ۔کورونا وائرس فنڈ کے لیے چیف سیکریٹری کے تحت 6 رکنی باڈی انتظام کر رہی تھی۔18 مارچ 2020 سے 21 اپریل 2021 تک اس کے 17 اجلاس ہوئے۔ اجلاس میں کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں 3699 ملین روپے کی رقم آئی، اس کے کل اخراجات 32077.23 ملین روپے رہے، جبکہ اس وقت اکاؤنٹ میں 35 ملین روپے سے زائد رقم موجود ہے۔سندھ کابینہ نے بقایا رقم متاثرین سیلاب کے گھروں کی تعمیر کے لیے خرچ کرنے کی منظوری دے دی۔