عام انتخابات میں سیکورٹی کے لئے کابینہ نے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی

دستے، حساس حلقوں اور پولنگ اسٹیشنز پر  فرائض سر انجام دیں گے اعلامیہ

ایف بی آر میں اصلاحات کے  لئے بین الوزارتی کمیٹی قائم

 ہیلتھ ریگیولیٹری اتھارٹی رجسٹریشن بورڈ میں میڈیکل کالجز کے نمائندے شامل

اسلام آباد( ویب  نیوز)

نگراں وفاقی کابینہ نے عام انتخابات کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو  کی ری اسٹرکچرنگ اور ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے  پیش کی گئی تجاویز پر سیر حاصل بحث کی گئی ۔وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے پیش کی گئی ان تجاویز کے حوالیسے  کابینہ اراکین کی آرا کی روشنی میں نگران وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں وفاقی وزرا برائے نجکاری ، خارجہ امور، تجارت، توانائی ، قانون و انصاف اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہوں گے۔ کمیٹی ان تجاویز کے حوالے سے اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔کابینہ نے ملک میں ٹیکس آمدن میں اضافے، ٹیکس -جی ڈی پی تناسب میں بہتری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے پیش کی گئی مفصل تجاویز پر نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر اعظم اور کابینہ کے تمام ممبران نے  مشترکہ طور پر ان ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے ان تجاویز کی تائید کی اور اس مقف کا اعادہ کیا کہ نگران حکومت  ایف بی آر اصلاحات کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے پاک فوج  اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی  تعیناتی  کی منظوری دے دی۔ یہ دستے حساس حلقوں اور پولنگ اسٹیشنز پر  فرائض سر انجام دیں گے اور ریپڈ رسپانس فورس کے طور پر بھی کام کریں گے۔* وفاقی کابینہ نے  وزارت خزانہ کی سفارش پر طاہر حسین قریشی کی ایس ایم ایس بینک کے صدر کے طور پر مدت ملازمت میں تین ماہ یا ادارے کی باضابطہ بندش تک کی توسیع کی منظوری دے دی۔* وفاقی کابینہ نے  وزارت قومی صحت کی سفارش پر اسلام آباد ہیلتھ ریگیولیٹری اتھارٹی کے رجسٹریشن بورڈ میں میڈیکل کالجز کے نمائندے کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر انور علی شاہ، پرنسپل شفا کالج آف ڈینٹسٹری، شفا تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد اور پرائیویٹ ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ سیکٹر کے نمائندے کے لیے ڈاکٹر در شہوار فیصل کی تعیناتی کی منظوری دے دی ۔ کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پرشہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔  وزیر قومی صحت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ ٭      وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 09-01-2024کو منعقد  ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 09-01-2024 اور 17-01-2024  کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔