- پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے
- وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں اجلاس میں شرکت کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا
- پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ہندوستان کے ملوث ہونے کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں
- پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی، پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے میں امن کا خواہاں ہے
- پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ میں دہشتگردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہواہے
- حنا ربانی کھر 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرس میں شرکت،برطانیہ میں کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی
- صادق خان کے استعفیٰ کے بعد وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری احسن شاہ افغان امور سر انجام دے رہے ہیں، ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ
اسلام آباد (ویب نیوز)
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں اجلاس میں شرکت کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرواتے رہیں گے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے،بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا،پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرنا جانتا ہے اور دہشت گردوں کو شکست دی، پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر قطر کا اہم دورہ کیا، قطر کانفرنس میں شہباز شریف نے پاکستانی نقطہ نظر رکھا، وزیر اعظم نے امیر قطر سے ملاقات کرکے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکہ کے اہم دورے پر ہیں، بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم پر بات کی، وزیر خارجہ نے اسلام میں خواتین کے حقوق اور کردار پر کانفرس سے خطاب بھی کیا۔ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ 6 اور 7 مارچ کو پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دہشتگردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچے بھی بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیری خواتین پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 20 سالوں میں 682 خواتین کو قتل، 11 ہزار خواتین کی عزتیں لوٹی گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے ذریعے ظلم کررہا ہے، کشمیر بین الاقوامی متنازعہ علاقہ ہے، بھارتی رہنما اپنے سیاسی عزائم کے لئے بین الاقوامی تنازعات پر گفتگو سے پرہیز کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ہندوستان کے ملوث ہونے کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر دہشت گرد کارروائی پر پاکستان میں زیر حراست ہے، پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرنا جانتا ہے اور دہشت گردوں کو شکست دی۔ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں واضح کیا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں اجلاس میں شرکت کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وزیر خارجہ بھارت کا دورہ کریں گے یا نہیں، فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کردیا جائے گا۔دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کے اہم دورے کریں گی، حنا ربانی کھر(آج) 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرس میں شرکت کریں گی جبکہ وہ برطانیہ میں کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان کے مستعفی ہونے کے بعد وزارت خارجہ میں افغان امور کے لیے خصوصی ڈیسک کام کررہا ہے، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری احسن شاہ افغان امور سر انجام دے رہے ہیں۔