• تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پرامن انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنایا جاسکے،چیف الیکشن کمشنر کی شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سے گفتگو

اسلام آباد (ویب نیوز)

چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب کی نگران حکومت کے حوالہ سے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی مہم کی سخت مانیٹرنگ کرے گا، تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کے حوالہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی اور سیکرٹری جنرل اسد عمر نے چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے پنجاب حکومت کے حوالہ سے تحفظات چیف الیکشن کمشنر کے سامنے رکھے گئے اور بتایا گیا کہ آئی جی پنجاب پولیس اورچیف سیکرٹری پنجاب کو خصوصی ہدایات جاری کرے کیونکہ گزشتہ روز جب پاکستان تحریک انصاف اپنی انتخابی مہم شروع کرنے جارہی تھی تو دفعہ 144نافذ کردی گئی اور اس کے بعد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنمائوں نے چیف الیکشن کمشنر سے پاکستان تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں کے مقابلہ میں یکساں ماحول فراہم نہ کرنے کا شکوہ بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے نہیں دی جارہی۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے تمام تحفظات دور رکروانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے یہ درخواست بھی کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پرامن انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنایا جاسکے۔