اسلام آباد (ویب ڈیسک)

حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو الیکشن کمیشن کے جائز تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی جس میں انہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کو حکومتی موقف، سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ پر قانونی نکات اور الیکشن کمیشن کے موقف پر حکومتی تحفظات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران اٹارنی جنرل نے حکومت کی جانب انتخابی اصلاحات پر الیکشن کمیشن کے جائز تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی، انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کےحوالے سے ترامیم واپس لی جائیں گی، انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سمیت کسی کی تجاویز بلڈوز نہیں کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ضمنی الیکشن میں آزمائشی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ پر مثبت جواب دیا، انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ پر اعتراض نہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے طریقہ کار پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔