(ویب نیوز )رحیم یار خان
خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے وزیراعظم کے مشیر برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار اور نیشنل کنسورشیم برائے پروموشن آف سوشل سائنسز ان پاکستان مرتضیٰ نور کے ہمراہ بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری، کراچی کا دورہ کیا۔ بی بی ایس یو کے وائس چانسسلر پروفیسر ڈاکٹراختر بلوچ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ہونے والے ایک اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے عثمان ڈار کو خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے مستقبل میں یونیورسٹی کے اندر بین الاقوامی سطح کے سپورٹس پراجیکٹس سے متعلق تفصیلات بھی بتائیں۔
 وزیراعظم کے مشیر عثمان ڈار نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر اور ان کی ٹیم کی کوششوں اور یونیورسٹی میں قائم ساؤتھ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواجہ فرید یونیورسٹی کا جلد دورہ کریں گے اور وائس چانسلر کے عالمی معیار کے حامل سپورٹس پراجیکٹس کے بارے میں وزیراعظم عمران خان سے تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ علاوہ ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے اقرا یونیورسٹی کراچی کے ساتھ ریسرچ کے فروغ اور فیکلٹی کی تربیت کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط بھی کئے۔ اقرا یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے دستخط کئے۔ ڈاکٹر وسیم قاضی کا کہنا تھا کہ جلد اقرا یونیورسٹی کی فیکلٹی کا وفد خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان کا دورہ کرے گا۔ اس موقع پر مرتضیٰ نور بھی ہمراہ تھے۔