حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی صارفین پر 76 ارب کا اضافی بوجھ ڈال دیا
بجلی صارفین پر 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا سرچارج عائد، باضابطہ نوٹی فکیشن جاری
کے الیکٹرک صارفین کیلیے بھی فی یونٹ بجلی ایک روپے 71 پیسے مہنگی
اسلام آباد(ویب نیوز)
آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کے لیے حکومت نے بجلی صارفین پر 76 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا۔ آئی ایم ایف کی شرط کو پورا کرنے کیلیے حکومت نے بجلی صارفین پر 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا سرچارج عائد کیا جس کا وزارت توانائی نے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق سرچارج صارفین سے مارچ سے جون 2023 کے دوران وصول کیا جائے گا، مجموعی سرچارج بڑھ کر3 روپے 82 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا جبکہ اس وقت بجلی صارفین پہلے ہی43 پیسے فی یونٹ سرچارج ادا کررہے ہیں۔سرچارج کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر بھی ہوگا، جون2023 تک بجلی صارفین سے تقریبا 76 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔اس سے قبل نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلیے سرچارج نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، جس کے مطابق صارفین سے 14 روپے 24 پیسے فی یونٹ اضافی رقم 8 ماہ تک وصول کی جائے گی۔نیپرا کے مطابق دو سو یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹو صارفین سے 8 ماہ میں 89 پیسہ سے دو روپے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے، دو سو یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹو صارفین سے 79 پیسہ تا دو روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے۔اسی طرح 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بھی 79 پیسہ سے دو روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے، کسانوں سے 8 ماہ میں 50 پیسہ سے 3 روپے فی یونٹ تک اضافی وصول کیے جائیں گے۔
ڈسکوز کیلئے فی یونٹ بجلی 47 پیسے مہنگی کردی گئی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز کیلیے فی یونٹ بجلی 47 پیسے مہنگی کر دی۔اسلام آباد سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔ نیپرا کے مطابق لائف لائن صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے مارچ کے بلوں میں بجلی کی قیمت میں اضافہ وصول کیا جائے گا۔ دریں اثنا کے الیکٹرک صارفین کیلیے بھی فی یونٹ بجلی ایک روپے 71 پیسے مہنگی کر دی گئی۔ نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے، لائف لائن صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔نیپرا کے مطابق کیالیکٹرک صارفین سے مارچ کے بلوں میں بجلی کی قیمت میں اضافہ وصول کیا جائے گا