پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں سب تیار ہو جائیں،ریلی کی قیادت میں خود کروں گا
آئی جی کو بھی شرم آنی چاہیے ہمارا کارکن مارا گیا اور مقدمہ بھی مجھ پر کیا گیا، اب کور اپ کرنے کیلئے لوگوں سے بیانات دلائے جا رہے
لاہور کے لوگ نکلیں گے، ان کو بتائیں گے کہ قوم کہاں کھڑی ہے،پوری قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے ، یہ ڈرے ہوئے ہیں
سابق وزیراعظم کالاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب
لاہور (ویب نیوز)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں سب تیار ہو جائیں، اتوار دو بجے لاہور میں انتخابی ریلی نکالی جائے گی اور ریلی کی قیادت میں خود کروں گا۔انکی کوشش ہے مجھے قتل یا دھماکا کرکے الیکشن کینسل کرائیں، آئی جی کو بھی شرم آنی چاہیے ہمارا کارکن مارا گیا اور مقدمہ بھی مجھ پر کیا گیا، اب کور اپ کرنے کیلئے لوگوں سے بیانات دلائے جا رہے ہیں،لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ علی بلال کو شہید کیا گیا میں اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھتا رہا، 26 سال کی سیاست میں مشکل سے مشکل وقت آیا، 25 مئی کو بھی ہمارے کارکنوں پر بڑا ظلم ہوا، گیارہ سال کے بچے کو پکڑ کر لے گئے، خواتین پر تشدد کیا گیا، 25 مئی کو ہمارے دو کارکن شہید کیے گئے تب بھی یہی درندے پولیس والے تھے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ علی بلال کی شہادت سے صرف مجھے نہیں قوم کو تکلیف ہوئی، 25 مئی کو انہوں نے علی بلال کا بازو بھی توڑا تھا، اس سے متعلق آج تک نہیں سنا کہ اس نے کسی کے ساتھ برا کیا ہو، پولیس اٹھا کر وین میں کہاں لے گئی، 2 گھنٹے اس کے ساتھ کیا کیا گیا؟ ہمارے کارکن کی لاش سڑک سے اٹھا کر ہسپتال لے کر گئے۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ کس طرح کے درندے تھے،علی بلال کی تصویریں دیکھیں اس کے ساتھ ظلم کر کے لاش سڑک پر پھینکی گئی، ایسے شخص کو وزیر اعلی بنایا گیا جس کے ذہن میں ہمارے خلاف زہر تھا، ہمارے کارکنوں نے بتایا کہ جہاں سے ہمارے قافلے گزرے پولیس ہمارے ساتھ تھی، یہ جو ہم پر مسلط ہیں یہ ہمیں انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج یہ پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ علی بلال کے ساتھ حادثہ ہوا ہے، 25 مئی میں جو سی سی پی او ملوث تھا اس کو خاص بلاکر لگایا گیا، پولیس والے نے پیغام دیا کہ ہم نے تشدد نہیں کیا نامعلوم افراد نے کیا، آئی جی کو بھی شرم آنی چاہیے ہمارا کارکن مارا گیا اور مقدمہ بھی مجھ پر کیا گیا، اب کور اپ کرنے کیلئے لوگوں سے بیانات دلائے جا رہے ہیں۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ اب تمام ثبوت ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، شہباز گل کو جس وجہ سے پکڑا گیا تھا، خواجہ آصف نے بھی وہی بیان دیا، میں شہباز گل کو کہوں گا کہ خواجہ آصف کے خلاف پرچے کرے تاکہ اس کو بھی وہی سزا ملے جو شہباز گل کو دی گئی ہے، ان کی کوشش ہے مجھے قتل کر کے یا کوئی دھماکے کر کے الیکشن ملتوی کرائیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے پتا ہے کہ الیکشن روکنے کیلئے انہوں نے کچھ کرنا ہے، قوم ساری ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس لیے ڈرے ہوئے ہیں، جن کا کام قوم کو بچانا ہے وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں، اتوار کولاہور کے لوگوں نے نکلنا ہے یہ بتانے کیلئے کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں، اتوار کولاہور کے لوگ نکلیں گے ان کو بتائیں گے کہ قوم کہاں کھڑی ہے ،انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی کوشش ہے مجھے قتل کرکے یا کوئی دھماکے کرکے الیکشن کینسل کرائیں، مجھے پتا ہے کہ الیکشن روکنے کے لیے انھوں نے کچھ کرنا ہے،پوری قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں، جن کا کام قوم کو بچانا ہے وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔۔