پشاور (ویب نیوز)
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا (پی ڈی ایم اے) نے شمالی وزیرستان کے متاثرین آپریشن ضرب عضب کیلئے ماہانہ نقد امداد اور راشن کی مد میں 35 کروڑ 24 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردیئے۔ جاری کرد ہ فنڈ زآئندہ ایک یا 2 روز میں حسب معمول ایس ایم ایس کے ذریعے 18ہزار کے قریب رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ متاثرین خاندانوں کو موصول ہونا شروع ہو جا ئیں گے۔ منگل کو ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ یہ فنڈز شمالی وزیرستان کے آپریشن ضرب عضب کے ان متاثرین کو باقاعدگی سے ہر ماہ جاری کئے جاتے ہیں جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی ہے۔ مذکورہ متاثرین خاندانوں میں 11ہزار کے قریب وہ خاندان بھی ہیں جو حال ہی میں افغانستان سے براستہ غلام خان بارڈر واپس آچکے ہیں اور جن کی نادرا سے باقاعدہ تصدیق کا عمل مکمل ہو چکا ہے ۔ ہرتصدیق شدہ متاثرہ خاندان کو 12 ہزار روپے بطور نقد امداد جبکہ8ہزار روپے راشن کی مد میں ہر ماہ باقاعدگی سے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کی مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی وزیرستان کے18 ہزار کے قریب متاثرین خاندان میں سے بیشتر کا تعلق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل سے ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی اب تک واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے ۔