بھارتی پنجاب میں 144 نافذ،کئی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل
پولیس نے سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے تلاشی شروع کردی ہے
نئی دہلی (ویب نیوز)
بھارتی ریاست پنجاب میں ممتاز سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے پیش نظر کئی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئیں ہیں جہاں پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے تلاشی شروع کردی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق خالصتانی رہنما امرت پال سنگھ کی تلاشی کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز بند کردی گئی ہیں۔ گزشتہ روز امرت پال سنگھ کی تنظیم وارث پنجاب دے کے خلاف ملک گھیرا اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق کارروائیوں میں 78 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور متعدد کو حراست میں لیا گیا ہے۔انڈیا ٹوڈے نے رپورٹ کیا کہ پورے بھارتی پنجاب میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے کیونکہ سکھ رہنما کی تلاش دوسرے دن بھی جاری رہی۔امرت پال سنگھ کو (18 مارچ) کو جالندھر کمشنر نے مفرور قرار دیا تھا، ان کے والد نے کہا کہ پنجاب پولیس نے امرتسر میں ان کی رہائش گاہ کی تلاشی لی لیکن کچھ بھی غیر قانونی نہیں ملا۔رپورٹ میں سکھ رہنما کے والد کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہمارے پاس اس کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں، انہوں نے 3-4 گھنٹے تک ہماری رہائش گاہ کی تلاشی لی لیکن کوئی غیر قانونی چیز نہیں ملی، پولیس کو گھر سے نکلنے سے پہلے اسے گرفتار کر لینا چاہیے تھا۔دریں اثنا نشریاتی ادارے دی وائر نے کہا کہ انڈین کوڈ آف کریمنل پروسیجر کی دفعہ 144 پنجاب کے کئی اضلاع میں نافذ کر دی گئی ہے ۔امرتسر کے قریب سکھ رہنما کے آبائی شہر سمیت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پولیس کی بھاری تعیناتی کی گئی تھی جبکہ نیم فوجی دستوں نے جلو پور کھیرا کو سیل کر دیا ہے جو کہ امرت پال سنگھ کا آبائی گاں ہے۔