اسلام آباد (ویب نیوز)
بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیمینار میں پاکستان کی شرکت کو روک دیا جسے اس فورم کی اہمیت کے تناظر میں ایک غیرمعمولی اقدام سمجھا جارہا ہے۔ فوجی طب، صحت کی دیکھ بھال اور وبائی امراض میں ایس سی او آرمڈ فورسز کا تعاون کے عنوان سے یہ سیمینار گزشتہ روز بھارت کے منوہر پاریکر انسٹی ٹیوٹ فار ڈیفنس اسٹڈیز اینڈ اینالائزز نے منعقد کیا، اس سیمینار میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان اور مبصر ممالک نے شرکت کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک عہدیدار نے کہا کہ بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے میزبان کے طور پر اپنی حیثیت کا غلط استعمال کیا ہے اور ایس سی او کی تقریب میں ایک خودمختار رکن ریاست کی شرکت کا حق مسترد کرکے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ بھارت کا دعوی ہے کہ پاکستان نے نقشے پر مقبوضہ کشمیر کی غلط تصویر کشی پر اعتراض اٹھانے کے بعد تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا۔ پاکستان نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کی سرپر ستی میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور مقاصد کے ساتھ اپنی مضبوط وابستگی کے سبب پاکستان، بھارت کی زیرسربراہی منعقد ہونے والی مختلف تقریبات میں مثبت اور تعمیری انداز کے ساتھ شرکت کرتا آیا ہے۔ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے میزبان کے طور پر اپنی پوزیشن کا فائدہ اٹھاکر ذاتی مقاصد حاصل کرنے اور تنظیم کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہے۔