• وزیرخارجہ بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئندہ ماہ بھارت جائیں گے، ترجمان دفترخارجہ
  • وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے سمرقند میں افغانستان کے4 پڑوسی ممالک کے اجلاس میں شرکت کی، افغانستان میں انسانی بحران کا معاملہ اٹھایا
  • سوڈان میں کم وبیش 1500 پاکستانی ہیں، پیش رفت قریب سے دیکھ رہے ہیں، سفارتخانے نے پاکستانیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے
  • او آئی سی کا موسمیاتی تحفظ بارے نئی دہلی میں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی شیری رحمن نے کی،ماحولیاتی استحکام کیلئے مشترکہ انداز میں کام پر زور دیا، پریس بریفنگ
  • وزیر دفاع خواجہ آصف نے رواں ماہ کے آخر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے

اسلام آباد (ویب نیوز)

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اگلے ماہ گووا جائیں گے،دوسری جانب بھارت میں رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ آئندہ ماہ بھارت کے شہر گووا میں 4 اور 5 مئی کو ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت بھارت کے وزیر خارجہ اور ایس سی او کے موجودہ چیئرمین ایس جے شنکر کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر سے ہماری وابستگی اور خطے کیلئے خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں پاکستانی عزم کی اہمیت کی عکاس ہے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ برس جولائی میں تاشقند میں منعقدہ اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سے دیرینہ وابستگی کے باعث اجلاس میں شرکت کرتا ہے، تنظیم کا موسمیاتی تحفظ کے بارے میں چوتھا وزارتی اجلاس 18 اپریل 2023 کو نئی دہلی میں آن لائن منعقد ہوا تھا۔ نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کی جہاں پاکستان نے ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی تغیر سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر مشترکہ انداز میں کام پر زور دیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا ہنگامی حالات کی روک تھام، تدارک کے لیے ادارہ جاتی اجلاس بھی منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سلیم شہزاد ملک نے کی۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے13اپریل کو سمرقند میں افغانستان کے 4پڑوسی ممالک  چین، پاکستان، ایران، روس کے اجلاس میں شرکت کی، وزیر مملکت نے افغانستان میں انسانی بحران اجاگر کیا اور افغان عوام کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرامداد دینے کا مطالبہ کیا، وزیر مملکت نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پڑوسی ممالک کے مفاد میں ہے۔  ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ سوڈان میں ہونے والی پیش رفت قریب سے دیکھ رہے ہیں، سوڈان میں کم وبیش 1500 پاکستانی ہیں، سفارتخانے نے پاکستانیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب بھارت میں رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خواجہ آصف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کریں گے، خواجہ آصف کو وزرائے  دفاع اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔