- جلسہ کیلئے کسی بھی جگہ کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، اجازت نامہ
لاہور(ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کو 26 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے باقاعدہ اجازت نامے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کو حلف لینے کے بعد اجازت دی گئی، جلسہ انتظامیہ سٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سکیورٹی کی ذمہ دارہوگی، جلسہ انتظامیہ تمام متعلقہ علاقہ میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی کوبہتربنانے کیلئے جلسہ انتظامیہ سکیورٹی اورضلعی انتظامیہ کیساتھ تعاون کرے گی، ٹریفک کورواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران مکمل تعاون کریں گے۔ حکام کے مطابق جلسہ کے دوران پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، عدلیہ اوراداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی، جلسہ میں کارکن ڈنڈے یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے۔اعلامیے کے مطابق سائونڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کی جائیگی، کسی بھی کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہرگزنہ ہوگی۔اجازت نامے میں مزید کہا گیا کہ جلسہ کیلئے کسی بھی جگہ کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اوراطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔ جلسہ میں شامل افراد کیلئے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔