سوات میں بھی ہولناک زلزلہ،زور دار جھٹکوں کے دوران درودیوار لرز گئے،3 افراد جاں بحق 200 سو سے زائد افراد زخمی
سیاحتی مقام کالام روڈ پر لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں
سوات (ویب نیوز)
ملک بھر کی طرح سوات میں بھی ہولناک زلزلہ،زور دار جھٹکوں کے دوران درودیوار لرز گئے، دیواریں گرنے اور بھگدڑ سے3 افراد جاں بحق 200 سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے، نجی کالج کے ہاسٹل میں مقیم درجنوں طالب علم خوف سے بے ہوش ہونے پر ہسپتال منتقل کردئے گئے ،سیاحتی مقام کالام روڈ پر لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں سے ملبہ ہٹا کر آمدورفت بحال کردی، گزشتہ رات6.8شدت کی زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارات سے کھلے مقامات پر نکل آئے ، شدید زلزلہ کی وجہ سے عمارات جھول کر رہ گئے ، مختلف مقامات پر دیواریں اور کچے مکانات کی چھتیں گرنے سے بچی اور خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، مدین میں دیوار کے ملبے تلے دب کر بچی ، شموزئی میں چھت گرنے سے نوجوان جبکہ مینگورہ شہر میں خاتون خوف کے مارے دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئی، زلزلہ کے دوران خوف کی وجہ سے درجنوں افرادبے ہوش ہوئے سیدوشریف ہسپتال کے ڈاکٹر محمد خان کے مطابق زلزلہ کے فوری بعد سوات کے مختلف علاقوں میں حادثات کی خبریں ملتے ہی ضلع کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام ڈاکٹروں کو ایمرجنسی ڈیوٹی کیلئے بلایا گیا ، زلزلہ سے متاثرہ 200 افراد کو علاج کیلئے سیدوشریف اسپتال لایا گیا جن میں سے 93 افراد چوٹیں لگنے سے زخمی ہوئے تھے، بیشتر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کیا گیا جبکہ شدید زخمی18 افراد کو علاج کیلئے ہسپتال میں داخل کیا گیا ، ڈی ایم ایس سیدوشریف ہسپتال کے مطابق بیشتر لوگ ڈر اور خوف کے مارے بے ہوش یا معمولی زخمی ہوگئے تھے ، دوسری جانب شدید زلزلہ کی وجہ سے کالام روڈ پر لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا تاہم اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے متاثرہ مقامات سے ملبہ ہٹاکر سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ، انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں مختلف مقامات پر مکانات کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے جس کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔