- اسد عمر، میاں محمود الرشید اور عبد الرحمان بھی مشترکہ درخواست گزاروں میں شامل ہیں
- الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلہ سے انحراف کیا، 30اپریل کو انتخابات کا حکم دیا جائے، مشترکہ درخواست
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبر پختو نخوامیں انتخابات ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن اور گورنر کے پی کے فیصلوں کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔پی ٹی آئی نے الیکشن تاریخ کی تبدیلی کیخلاف مشترکہ آئینی درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کردی۔سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان ، سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے آئینی درخواست دائر کی۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر، میاں محمود الرشید اور عبد الرحمان بھی مشترکہ درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔آئینی درخواست میں وفاق،پنجاب ، کے پی کے، وزارت پارلیمانی امور ، وزارت قانون اور کابینہ کو فریق بنایا گیا ۔تحریک انصاف کی مشترکہ درخواست میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلہ سے انحراف کیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔