- آپ ایف آئی آر پڑھیں:جسٹس علی باقرنجفی کی وکیل کو ہدایت ،وکیل نے عدالت کو ایف آئی آر پڑھ کر سنائی
- میر ے موکل کو عید کے بعد تک حفاظتی ضمانت دے دیں، وکیل کی عدالت سے استدعا
لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائیکورٹ نے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے سے متعلق مقدمے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 26 اپریل تک حفاظتی ضمانت دے دی۔جسٹس علی باقر نجفی نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کا آغاز کیا تو وکیل نے بتایا کہ عمران خان راستے میں ہیں اورعدالت پہنچنے والے ہیں۔تاہم تھوڑی دیر ہوجانے کے باعث جج صاحب نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لئے چلے گئے اور عدالتی عملے نے بتایا کہ سماعت 2 بجے شروع ہوگی، اس دوران عمران خان کمرہ عدالت میں موجود رہے۔ نمازِ جمعہ کے وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران خان پر ایک اور ایف آئی آر درج کر دی گئی ۔جسٹس علی باقر نجفی نے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ ایف آئی آر پڑھیں، جس پر انہوں نے عدالت کو ایف آئی آر پڑھ کر سنائی۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے کلائنٹ متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ جی انہیں اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونا ہے۔وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران خان کی مختلف تقاریر کے الفاظ اکٹھے کر کے ایف آئی آر درج کر دی گئی، اتوار کے روز یہ ایف آئی آر درج ہوئی، عمران خان کو 18 اپریل کو اسلام آباد جانا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کو عید کے بعد تک حفاظتی ضمانت دے دیںجس پر عدالت نے 26 اپریل تک کے لیے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔