اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک میں ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے معروف ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے 31 مارچ 2023 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ مالی نتائج کا اعلان 17اپریل 2023 کو اسلام آباد میں منعقد ہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔
2023کی پہلی سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا اور پاکستان کی معروف انٹیگریٹڈ ٹیلی کام خدمات فراہم کنندہ کی حیثیت سے اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ پاکستان کے مشکل میکرو اکنامک حالات کے باوجود پی ٹی سی ایل گروپ نے پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں اپنی آمدنی میں 23.2 فیصد اضافہ کیا۔ آمدنی میں یہ خاطر خواہ اضافہ بنیادی طور پر فکسڈ براڈ بینڈ، موبائل ڈیٹا، بزنس سلوشنز اور بینکاری خدمات میں مضبوط کارکردگی کی وجہ سے ہوا۔
سال 2022 میں ابھرنے والے میکرو اکنامک چیلنجز کے منفی اثرات 2023 میں بھی کاروباری اداروں کو متاثر کرتے رہے۔ توانائی اور ایندھن کے نرخوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ٹیلی کام آپریٹرز کو اپنے صارفین کو کم قیمت پر معیاری خدمات فراہم کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن کے مسائل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایل سی کھولنے پر عائد پابندیوں نے آپریٹرز کے نیٹ ورک رول آؤٹ ٹائم لائنز کو متاثر کیا ہے اور اس کے نتیجے میں غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قدر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر ، بڑھتی ہوئی شرح سود اور ٹیلی کام آپریٹرز پر عام کارپوریٹ ٹیکس کے علاوہ اضافی ٹیکسوں نے منافع کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان مشکل ترین مسائل کے اثرات کو کم کرنے کے لئےحکومت کی طرف سے پالیسی مداخلت کی ضرورت ہے تاکہ ٹیلی کام شعبے کو ریلیف فراہم کی جا سکے۔
پی ٹی سی ایل گروپ کے مالیاتی نتائج کے اہم نکات:
• 2023 کی پہلی سہ ماہی میں پی ٹی سی ایل گروپ کی 43.2 ارب روپے کی آمدنی گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 23.2 فیصد زیادہ ہے۔
• گروپ کا منافع دیگر عوامل کے علاوہ خاص طور پر روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے متاثر ہوا کیونکہ گروپ کےذمے اَن ہیج فاریکس ادائیگیاں موجود ہیں۔ گروپ کو 5.7 ارب روپے کا خالص نقصان ہوا ہے۔
• پی ٹی سی ایل نے 2023 کی پہلی سہ ماہی میں سال بہ سال آمدنی میں 17.1فیصد اضافہ کے ساتھ اپنی ترقی کے سفر کو جاری رکھا۔
• پی ٹی ایم ایل (یوفون) کی آمدنی میں 2022 ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 20 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔
• یو بینک نے اپنی ترقی کی رفتار کو جاری رکھا اور پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اپنی سہ ماہی آمدنی میں 73 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کے مالیاتی نتائج کے اہم نکات:
• اس سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل کی 22.95 ارب روپے کی آمدنی 2022 ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 17.1 فیصد زیادہ ہے، جس کی بنیادی وجہ کیریئر اور ہول سیل اور براڈ بینڈ شعبوں میں اضافہ ہے۔
• کمپنی نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 54.7 فیصد اضافے کے ساتھ 1.5 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا ہے اور سہ ماہی میں 5.5 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا ہے۔ غیر آپریٹنگ آمدنی میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کے فاریکس پر مبنی وصولیوں پر ہونے والے منافع، ماتحت ادارے سے منافع کی آمدنی اور نیٹ ورک کی اپ گریڈ اور فائبرائزیشن کی وجہ سے متروکہ اثاثوں کو ٹھکانے لگانے پر حاصل ہونے والے منافع نے گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کمپنی کے خالص منافع میں 187.2 فیصد اضافہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پی ٹی سی ایل نے اپنے فلیگ شپ ایف ٹی ٹی ایچ برانڈ، ’فلیش فائبر‘ کو مزید مستحکم کرتے ہوئے انڈسٹری میں سب سے زیادہ نیٹ ایڈز حاصل کیے، یہ صارفین کو غیر معمولی تجربے کی فراہمی اور ملک بھر میں فائبر نیٹ ورک کی جارحانہ توسیع کے ذریعے ممکن ہوا۔ ایف ٹی ٹی ایچ کے تیزی سے رول آؤٹ اور کیریئر اور ہول سیل شعبوں میں مضبوط کارکردگی نے پی ٹی سی ایل کی ٹاپ لائن ترقی کو یقینی بنایا۔
پی ٹی سی ایل نے حال ہی میں ایک او ٹی ٹی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’شوق‘ لانچ کیا ہے، جو تمام ڈیٹا صارفین کو پریمیم انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس اور خبروں کا مواد فراہم کرتے ہوئے کم قیمت پر اعلی معیار کے مواد کی ضرورت کے خلا کو پر کر رہا ہے۔ مزید برآں پی ٹی سی ایل گروپ نے پب جی موبائل کے ساتھ شراکت داری کی اور اپنے گیمنگ پلیٹ فارم ’گیم کی‘ (GameKey) کے ذریعے سب سے بڑےای اسپورٹس گیمنگ مقابلے کا انعقاد کیا۔ گروپ نے انٹرنیٹ ایکسچینج قائم کرنے کے لیے ڈی ای سی آئی ایکس اور پاکستان میں اینڈ ٹو اینڈ آئی او ٹی سلوشنز متعارف کرانے کے لیے ووڈافون (Vodafone) کے ساتھ شراکت داری بھی کی۔ پی ٹی سی ایل نے خواتین کے عالمی دن 2023 کے موقع پر اپنی خواتین صارفین کے لیے شی ٹاکس کے نام سے ایک خصوصی وائس پیکج کا اجراء کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کنزیومر بزنس کی مستحکم کارکردگی:
کمپنی کے فکسڈ براڈ بینڈ کاروبار نے سال بہ سال آمدنی میں 17.4 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے جس کی بنیادی وجہ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں فلیش فائبر کی آمدنی اور صارفین میں دو گنا اضافہ ہے۔ آئی پی ٹی وی سیگمنٹ نے بھی سال بہ سال 6.2فیصد اضافہ ظاہر کیا۔ صارفین کی او ٹی ٹی خدمات پر مسلسل منتقلی اور سیلولر آپریٹرز سے سخت مقابلے کی وجہ سے وائس اور وائرلیس کے شعبوں کی آمدنی میں کمی دیکھی گئی ہے۔
پی ٹی سی ایل بزنس سروسز:
کاروباری خدمات کے شعبے نے آئی پی بینڈوتھ ، کلاؤڈ ، ڈیٹا سینٹر اور دیگر آئی سی ٹی خدمات کے شعبوں میں مارکیٹ کی اپنی رہنما حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی رفتار کو جاری رکھا۔ پی ٹی سی ایل کے انٹرپرائز کاروبار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.1 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ کیریئر اور ہول سیل کاروبار نے بھی اپنی ترقی کی رفتار کو جاری رکھا اور مجموعی طور پر 36.9 فیصد اضافہ حاصل کیا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں بین الاقوامی وائس آمدنی میں 22.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ معاشی سرگرمیوں میں سست روی کے باوجود مجموعی طور پر بزنس سلوشنز کی آمدنی میں سال بہ سال کی بنیاد پر 27.2 فیصد کی قابل ذکر نمو دیکھنے میں آئی ہے۔
قومی ٹیلی کام کیریئر اور پاکستان میں کنیکٹیویٹی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والا پی ٹی سی ایل گروپ اپنے مضبوط ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر اور صارفین کو بہتر تجربے کی فراہمی کے ساتھ خدمات کے متنوع پورٹ فولیو کے ذریعے ’ڈیجیٹل پاکستان‘ کی جانب ترقی کے سفر کو تیز کرنے کے لئے جدید ترین حل فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ پی ٹی سی ایل نے وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر ٹیلی اسکول پاکستان کے نام سے ایک ایپ تیار کی ہے جس کا مقصد طلباء کو مفت ڈیجیٹل لرننگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ مارچ میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اس ایپ کے افتتاح نے پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی۔
پی ٹی ایم ایل – یوفون کے مالیاتی نتائج کے چیدہ چیدہ نکات:
اپنی ترقی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ، یوفون نے اپنی آمدنی میں سال بہ سال 20فیصد کا متاثر کن اضافہ ریکارڈ کیا۔ یوفون نے حال ہی میں 24 ملین صارفین کے حصول کا ایک اہم سنگ میل حاصل کیا ہے جس کے نتیجے میں مارکیٹ شیئر میں 0.4 فیصد پوائنٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ سال 2023 کی پہلی سہ ماہی میں نیٹ ورک کو جدید بنانے کی سرگرمیوں کے نتیجے میں یوفون صارفین کے ٹیلی کام خدمات کے استعمال کے تجربے میں بہترئی آئی ۔ صارفین کے اس بہتر تجربے، رابطے میں بہتری کے حصول کے اعداد و شمار میں اضافہ اور بہتر ڈیٹا کی رفتار کے ساتھ، یوفون نے پہلی سہ ماہی کے دوران کسٹمر نیٹ ایڈز میں اضافے کی مد میں انڈسٹری بھر میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی ہے۔ یوفون 4G نے حال ہی میں صارفین کو پریشانی سے پاک تجربے کی فراہمی کے لیے واٹس ایپ سروس کا آغاز کیا، نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے ساتھ مل کر یوفون کے بی پی او آپریشنز کے لیے جدید کسٹمر سروس سلوشن قائم کیا اور پی ایس ایل 8 کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ شراکت داری کی۔
یو بینک کے مالیاتی نتائج کے اہم نکات:
ایک مشکل میکرو اکنامک صورت حال کے باوجود پی ٹی سی ایل کے مائیکرو فنانس اور برانچ لیس بینکنگ کے ماتحت ادارے یو بینک نے اپنی ترقی کا سفر جاری رکھا ہے اور گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں آمدنی میں 73 فیصد اضافہ اور خالص منافع میں 64.5 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے۔ بینک اپنے دیہی ریٹیل بینکنگ، کارپوریٹ فنانس اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ، اسلامک بینکنگ، اربن ریٹیل بینکنگ، کارپوریٹ بینکاری اور ڈیجیٹل بینکاری کے ذریعے ملک کے طول و عرض میں متنوع صارفین کو غیر معمولی خدمات فراہم کرنے کے لئے اپنی وسیع رسائی کو بروئے کار لاتے ہوئے مالی اور سماجی شمولیت کے فروغ کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
کارپوریٹ سماجی ذمہ داری:
2023ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ نے قومی ٹیلی کام و آئی سی ٹی کمپنی کی حیثیت سے اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لئے مختلف سی ایس آر اقدامات کیے۔ یوفون 4G نے سماعت سے محروم افراد کے لیے کمیونی کیشن اور سوشلائزیشن کی سہولت کے لیے کنیکٹ ہیئر کے ساتھ تعاون کیا۔ یہ اقدام یوفون 4G کے شمولیت کے فروغ کے برانڈ فلسفے سے پوری طرح مطابقت رکھتا ہے، جس کے تحت ہم مساوات اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔