لاہور (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی امین گنڈا پور کو ذہنی طور پر اذیت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ملک میں مشرقی پاکستان کی تاریخ دہرائی جارہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ علی امین گنڈا پور کو اغوا اور حراست کے بعد جس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے، اسے ذلیل کرنے اور ذہنی طور پر اذیت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پی ٹی آئی کے چیئر مین کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کے ساتھ ایسا صرف اس لیے کیا جا رہا کہ وہ ہماری پارٹی کے نظریاتی کارکن ہیں جو ہمارے کارکنوں کو پسند ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے سوچے سمجھے بغیر تشدد میں ملوث افراد کو احساس نہیں ہوتا کہ وہ صرف اپنی تذلیل کروا رہے ہیں، ریاست اور قوم کے درمیان خلیج کو بڑھا رہے ہیں۔ ایسا مشرقی پاکستان والوں کے ساتھ بھی کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان حرکتوں کے باعث علی امین کے لیے ہماری عزت اور محبت کئی گنا بڑھ گئی ہے، کیونکہ وہ ان آزمائشوں اور مصیبتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔۔