مقبوضہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں عالم دین سمیت200سے زائد شہری گرفتار
ضلع پونچھ کے علاقے بھٹنڈی سے مولوی منظور احمدکو ایک مدرسے سے گرفتار کرلیا گیا
سری نگر ( ویب نیوز)
بھارتی فورسز نے مقبوضہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کے دوران ایک عالم دین سمیت200سے زائد شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔مقبوضہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی بھی جاری ہے ۔ اس دوران فوجیوں نے گھروں پر چھاپوں کے دوران 200سے زائد شہریوں کو گرفتار کیا اور پوچھ گچھ کے دوران ان پرشدید تشدد کیا، جن میں سے جموں کے علاقے بھٹنڈی سے تعلق رکھنے والا ایک شہری جاں بحق
ہوگیا۔ اگرچہ بھارتی فورسز نے اس واقعے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور میڈیا کے ساتھ خبریں شیئر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، لیکن معتبر ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے ساتھ مل کرضلع پونچھ کے علاقے بھٹنڈی سے مولوی منظور احمدکو ایک مدرسے سے گرفتار کرلیا۔ جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں تازہ کارروائیاں بھارتی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ اور بھارتی فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے پونچھ کے دورے کے دوران حق خودارادیت کی حمایت کرنے والے لوگوں کو قتل یا گرفتار کرنے کا حکم دینے کے ایک دن بعد شروع ہوئیں۔۔