لاہور / راولپنڈی (ویب نیوز)
- پی ٹی آئی ریلی روکنے کیلئے کنٹینرلگ گئے ، فیض آباد انٹرچینج بند
- گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں،شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا
پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کو روکنے کے لیے جڑواں شہروں کو ملانے والے مقام فیض آباد کو سیل کردیا گیا ۔ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے جنکشن فیض آباد کو مکمل طور پر سیل کرکے جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے کنٹینرز لگا دیئے۔ یہ اقدام پی ٹی آئی کی مزدور ڈے ریلی کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کے لیے کیا گیا ۔ علاوہ ازیں فیض آباد کو سیل کرنے کا مقصد سہالہ آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی آئل ٹینکرز ریلی کو بھی اسلام آباد داخلے سے روکنا ہے۔فیض آباد کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور مزید کنٹینرز بھی پہنچا دیئے گئے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا کہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک سٹیڈیم روڈ کی جانب موڑ دی گئی جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے شہری ائرپورٹ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی مری روڈ پر گنجائش سے زائد ٹریفک ہے۔فیض آباد انٹرچینج کو اچانک سیل کئے جانے کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور دونوں شہروں کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک بدترین جام ہوگیا، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا۔ موٹرسائیکل سواروں سمیت بڑی گاڑی والے افراد کو منزل پر پہنچنے کے لیے راستے بند ہونے کے باعث دشواری اٹھانا پڑ ی۔
- لاہور میں پی ٹی آئی کی ریلی ، میٹروسروس بند
- تمام بسیں گجومتہ سٹیشن پر کھڑی کر دی گئی ہیں،انتظامیہ میٹروبس سروس
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے باعث میٹرو بس سروس بند کردی گئی، تمام بسیں گجومتہ اسٹیشن پر کھڑی کردی گئیں۔پاکستان تحریک انصاف نے لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں یوم مزدور کے موقع پر ریلیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔پی ٹی آئی کی ریلی کے باعث لاہور میں میٹر بس سروس بند کردی گئی، سروس بند ہونے سے میٹرو بس پر سفر کرنیوالے ہزاروں مسافر متاثر ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق میٹرو بس سروس کی تمام بسیں گجومتہ سٹیشن پر کھڑی کر دی گئیں۔انتظامیہ نے کہا کہ ریلی کے پیش نظر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے میٹرو سروس بند کی گئی۔