نائیجیریا کے وزیر کی قیادت میں وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
نائیجیریا کے وزیر برائے ہوا بازی ہادی سریکا نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو کم از کم 3 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک اس ہدف کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کیپٹن نوہو موسیٰ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی آف نائجیریا، کیپٹن موڈیبو الکالی ریکٹر نائیجیرین سول ایوی ایشن اتھارٹی، نائیجیریا کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے تجارت و سرمایہ کاری بولاجی الکالی ، پاکستان میں نائجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیو اور دیگر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
نائیجیریا کے وزیر برائے ہوا بازی نے کہا کہ ان کے ملک کی بھارت کے ساتھ باہمی تجارت تقریباً 15 ارب ڈالر اور انڈونیشیا کے ساتھ 4 ارب ڈالر سے زائد ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ تجارت کافی کم ہے۔ انہوںنے کہا کہ نائیجیریا اب پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک تقریباً نصف ارب کی آبادی کی ایک بڑی مارکیٹ ہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائیجیریا پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے کام کر رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور کاروباری روابط کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نائیجیریا پاکستان کے ساتھ ٹرانسپورٹ ، سیاحت، تجارت وصنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرمایہ کار نائجیریا میں سرمایہ کاری کر کے اس کی ٹیکس چھوٹ اورفری اکنامک زونز کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کی باہمی تجارت 12کروڑ ڈالر سے بھی کم ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور نائیجیریا آئندہ چند سالوں میں اپنی دوطرفہ تجارت کو کم از کم3 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کی کوشش کریں کیونکہ دونوں ممالک اس ہدف کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نائیجیریا اور دیگر افریقی ممالک کو ٹیکسٹائل، چاول، فارماسوٹیکلز ، آلات جراحی، برقی آلات، پروسیسڈ فوڈ، کاسمیٹک اور بیوٹی پراڈکٹس، چمڑے کی مصنوعات ، آئی ٹی مصنوعات سمیت متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مستقبل میں ایک وفد نائجیریا لے جانے پر غور کرے گا تا کہ نجی شعبے کے ساتھ ملاقات کر کے کاروباری روابط کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے دو طرفہ تجارت بہتر ہو گی لہذا انہوں نے دونوں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں تاکہ اس کے فائدہ مند نتائج حاصل کیے جاسکیں۔
کیپٹن نوہو موسیٰ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی آف نائجیریا، نائیجیریا کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے تجارت و سرمایہ کاری بولاجی الکالی اورپاکستان میں تعینات نائجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیو نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
ظفر بختاوری، سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کو دہشت گردی، اور میڈیا میں منفی پروپیگنڈا سمیت دیگر مشترکہ مسائل کا سامنا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک قریبی تعاون فروغ دے کر ان مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملی وضع کریں۔