مظفرآباد  (ویب نیوز)

  • بینک آف آزاد جموں و کشمیرکے آپریٹنگ منافع میں3 سال میں 617فیصد، اثاثہ جات 109فیصد اور ڈیپازٹس80فیصد اضافہ ریکارڈ ، خاور سعید
  • بینک کے بزنس اہداف عبور ، سرکار کے خزانے میں 50کروڑ روپے ٹیکس ادا کرتے ہوئے ریاست کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا ادارہ بن گیا،صدر بینک
  • اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مظفر آباد اور راولاکوٹ کے برانچ منیجرز ، ریجنل کنٹرولرز میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب پر خطاب

 

بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے کہا ہے گزشتہ تین سال کے عرصہ میں بینک کے آپریٹنگ منافع میں 617فیصد، اثاثہ جات میں 109فیصد اور ڈیپازٹس میں تقریباً80فیصد اضافہ ریکارڈ کرتے ہوئے نہ صرف بزنس اہداف عبور کئے گئے بلکہ سرکار کے خزانے میں 50کروڑ یا نصف ارب روپے ٹیکس ادا کیا اور ریاست کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا ادارہ بن گیا۔وہ گزشتہ روز اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مظفر آباد اور راولاکوٹ کے برانچ منیجرز اور ریجنل کنٹرولرز میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کرنے کی ایک سادہ مگر پروقار تقریب پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈویژنل ہیڈز کو بھی نقد انعامات دیئے گئے۔صدر بینک نے کہا کہ ادارہ ریاست کی سماجی و معاشی ترقی میں نمایا اور منفرد کردار ادا کر رہا ہے۔برانچوں میں معزز صارفین کا نہ صرف پرتپاک استقبال اور خیر مقدم یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ بینکاری خدمات میں مزید بہتری لاتے ہوئے ادارہ خطے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ عوام خاص طور پر دنیا بھر میں موجود اہل وطن کا بینک پر اعتبار و اعتماد بڑھ چکا ہے اور وہ اپنی رقوم کی ترسیلات کے لئے اس بینک کو ترجیح دے رہے ہیں۔ موثر حکمت عملی،ریا(RIA)،منی گرام( Money Gram )اور ویسٹرن یونین(Western Union )کے ساتھ معاہدوں کے بعد ترسیلات بڑھ کر 5.55ارب روپے کی بلند ترین سطح عبور کر گئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی کامیابی کے لئے ایک جاندار اور موثر بزنس حکمت عملی کے تحت مزیداقدمات کئے جا رہے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ صارفین اپنے مالی ضروریات کے لئے بینک کی جانب راغب و رجوع کریں۔ریاست کا واحد مالیاتی ادارہ قرضہ جات کی ڈیڑھ درجن سے زیادہ پر کشش اور شاندار سکیموں کے تحت انتہائی آسان شرائط، مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ پر صارفین کو تیز ترین پراسیسنگ سے قرضہ جات فراہم کررہا ہے ۔ ہمارا مقصد معزز صارفین کی خدمات میں مزید بہتری جدت لاناہے ۔صدر بینک نے تفصیل کے ساتھ مظفر آباد اور راولاکوٹ ریجنز کے منیجرز کے ساتھ مستقبل کا لائحہ عمل اور بزنس حکمت عملی شیئر کی اورکہا کہ بزنس پالیسی میں ایسی تبدیلیاں لائی گئی ہیںجس کے تحت منافع، ڈیپازٹس، اثاثہ جات، ترسیلات زر سمیت تمام بزنس اہداف عبور کرنا مزید آسان ہو گیا ہے۔ انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز، تاجر برادری سمیت آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات اور نجی سیکٹرکے اعتماد و تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منیجرز کو ضروری ہدایات جاری کیں۔قبل ازیں سینئر منیجمنٹ کی نمائیندگی کرتے ہوئے ڈویژنل ہیڈ جناب زمرد حسین نے کہا کہ صدر بینک کی ولولہ انگیز قیادت اور ان کے دیئے گئے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ادارہ گزشتہ تین سال کے دوران ریکارڈ بزنس نتائج حاصل کر رہا ہے۔تقریب میںڈویژنل ہیڈ جناب تاشفین گیلانی نے بزنس نتائج کا ایک جائزہ پیش کیا۔ شرکاء نے تالیوں کی گونج میں صدر /سی ای او جناب خاور سعید کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈ اور سوینئرز پیش کیں۔