بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے منافع میں سال2021کے دوران 15سالہ تاریخ میں ریکارڈ اضافہ
عبدالماجد خان کی زیر سرپرستی،صارفین کے تعاون سے بزنس اہداف عبور، ڈیپازٹس، اثاثہ جات اور ترسیلات زر بھی بڑھ گئے
صدر /چیف ایگزیکٹو آفیسر خاور سعید کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے بینک شاندار بزنس نتائج حاصل کرنے میں کامیاب
2022کی پہلی سہ ماہی کے بزنس اہداف بھی پورا کرنے کے لئے عملہ جانفشانی سے کام میں مصروف

مظفر آباد(ویب نیوز  )بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے منافع میں سال2021کے دوران تقریباً چارگنا اضافہ ہوا جو کہ ادارے کی گزشتہ 15سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ریاست کے واحد مالیاتی ادارے نے آزاد حکومت بالخصوص وزیر مالیات، ان لینڈ ریوینو و امداد باہمی جناب عبدالماجد خان جو کہ بینک کے چیئر مین بھی ہیں، کی زیر سرپرستی اور صدر /چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید کی زیرنگرانی بہترین لائحہ عمل، عملے کی تگ و دو اور صارفین کے تعاون سے بزنس اہداف عبور کر لئے ہیں۔ آپریشنز، اندرونی کنٹرول،نظم و ضبط جیسے کاروباری ترقی کے پیشہ ورانہ اقدامات کے بعد منافع سمیت ڈیپازٹس، اثاثہ جات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔منافع کی شرح میں کئی گنا اضافہ بینک پر عوام کے اعتماد کی عکاسی ہے۔ عملے نے نظم و ضبط کی پابند ی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ٹیم ور ک کے طور پر کام کیا اور شاندار بزنس نتائج حاصل کرنے میں کردار ادا کیا۔ سال 2022کی پہلی سہ ماہی کے بزنس اہداف کو پورا کرنے کے لئے بھی ریاستی ادارے کا عملہ جانفشانی سے کام میں مصروف ہے۔