مظفر آباد (ویبنؤس)

بینک آف آزاد جموں وکشمیر ریاست کا سب سے زیادہ منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔ 2022میں بینک نے 110فیصد اضافے کے ساتھ 961ملین روپے سے زائد منافع حاصل کیااورصرف گزشتہ ایک سال میں ریاستی خزانے میں 419ملین روپے ٹیکس جمع کیاگیا۔گزشتہ روز جاری اعداد و شمار کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ بینک کے اثاثہ جات گزشتہ تین سال میں 13ارب روپے سے بڑھ کر 28ارب روپے سے تجاوزکرچکے ہیں۔بیرون ملک سے ترسیلات زر 86کروڑ روپے سے بڑھ کر 4.6ارب روپے سے زائد ہو گئے ہیں اور ڈیپازٹس 11ارب روپے سے زیادہ ہو کر 21ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ کھاتہ داروں کی تعداد اڑھائی لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے جو کہ آزاد کشمیر حکومت، بورڈ آف ڈائریکٹرز، صدر خاور سعید اور ان کی زیر نگرانی ٹیم ورک و عملے پر معزز صارفین کے بھر پور اعتمادکی عکاسی ہے۔تفصیلات میں مزید کہا گیا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ادارے کی ترقی اور کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے بینک کی شیڈولنگ کے لئے فوکل پرسن مقرر کرنا مثبت پیش رفت ہے جس سے ترقی کی راہ پر گامزن بینک کے بزنس کو فروغ،اس کی ساکھ کو بہترین بنانے میں مدد ملے گی۔