مظفرآباد (ویب ڈیسک)

بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام سال 2021کی بزنس کانفرس کا انعقاد بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر  خاور سعید کی زیر صدارت کشمیر انسٹی چیوٹ آف منیجمنٹ میںکیا گیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے واحد مالیاتی ادارے کی بزنس کانفرنس میں رواں سال کے پہلے 9ماہ کے بزنس سمیت بینک کے مجموعی بزنس کو بڑھانے،کاروباری اہداف کو پورا کرنے اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں بینک کے تمام برانچ منیجرز، چیف منیجرز،زونل چیفس، ریجنل کنٹرولرز اور ڈویژنل ہیڈز نے شرکت کی۔ ریجنل اور زونل چیفس نے بزنس سمیت دیگر شعبہ جات سے متعلق اپنی بریفنگ دی۔ڈویژنل ہیڈ کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ ڈویژن نے کانفرنس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی اور اہداف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینک کے صدر کی رہنمائی میں گزشتہ قلیل عرصہ میں ادارے کے منافع میںچار گنا اضافہ ہوا جو کہ بینک کی 15سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ دیگر شعبہ جات ڈیپازٹس،ترسیلات زر ، اثاثہ جات ،قرضہ جات کی فراہمی میں بھی تاریخ ساز اضافہ ہوا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق30ستمبر 2019میں بینک کا منافع 82ملین روپے اور اثاثہ جات 13.13بلین روپے تھے۔ایک سال بعد30ستمبر2020کو منافع 196فیصد اضافے کے ساتھ 243ملین اور اثاثہ جات20فیصد اضافے کے ساتھ 15.74بلین روپے ہو گئے۔ رواں سال30ستمبر 2021کو منافع میں 49فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر363ملین روپے اور اثاثہ جات 52فیصد بڑھ کر23.92بلین روپے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے جناب صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ہدایت کے مطابق عملہ اہداف حاصل کرنے میں مصروف عمل ہے۔اس موقع پرجناب صدر نے ان کی حکمت عملی پر عمل کرنے اور منافع میںمعقول اضافہ کے لئے تمام عملے کی تعریف کی اور کہا کہ ٹیم ورک کے ساتھ پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دینے سے بینک نے بہترین نتائج حاصل کئے ہیں۔انھوں نے اپنا وژن پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو کامیاب اور صف اول کے بینکوں میں شامل کرنے اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سے شیڈول بینک کا درجہ دلانے کے لئے تمام کوششیں اور اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ انھوں نے مستقبل قریب کی قلیل اور طویل المدتی حکمت عملی سے شرکاء کو آگاہ کیا اوراس پر من و عن عمل کرنے کی تاکیدکی۔ انھوں نے کہا کہ کسٹمر سروس میں بہتری، کمپلائنس اور آپریشنل کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔رواں سال پانچ نئی برانچیں کھولنے کے بعد بینک کا نیٹ ورک75برانچوں تک پھیل گیا ہے۔ برانچ نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتے ہوئے رواں سال بینک کی مزید پانچ برانچیں کھولی جائیں گی تا کہ صارفین کو ان کی دہلیز پر ریاستی بینک کی خدمات میسر آ سکیں ۔بینکاری خدمات و سہولیات کی فراہمی اور کم لاگت ڈیپازٹس کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی، صحت عامہ ، ریاستی ملازمین کے لئے ایڈوانس سیلر ی سکیم، گھر کی تعمیر،نئی گاڑی کی خریداری،گولڈ لون جیسی قرضہ جات کی بہترین ، معیاری اور انشورنس کی حامل سکیمیں تیارکرنے کا مقصد ہی صارفین کو ان سے مستفید کرانا ہے تا کہ وہ معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔انتہائی آسان شرائط اور سب سے کم ترین مارک اپ فراہم قرضہ جات کی فوری ادائیگی ہوتی ہے۔بینک کے مجموعی منافع اور ترسیلات زر میں اضافے کے لئے مستند کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں۔بینک میںجدیدترین انفارمیشن ٹیکنالوجی نصب کی جا رہی ہے۔ بینک عملے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی انتھک محنت کا ثمر ہے کہ بینک نے بہت ہی کم مدت میں بہترین کاروباری نتائج حاصل کئے اورتمام شعبہ جات میں اہداف عبورکئے۔بینک عملے کی پیشہ ورانہ استعدادکار کو مزید بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سال 2020بینک کے لئے کامیابیوں کا سال تھا، اسی طرح دسمبر2021کوبزنس نتائج کے اعتبار سے گزشتہ سال سے بھی بہتر ثابت کرنے کے لئے عملہ مزیدجانفشانی سے پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دے ۔ کانفرنس کے اختتام پر صدر نے بزنس اہداف پورا کرنے والے برانچ منیجرز اور زونل چیفس میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔