14مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے، عمران خان کا اعلان
جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے 14 مئی تک جلسے کروں گا
لا ہور(ویب نیوز)
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ 14مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے، جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے اور اگلے ہفتے سے 14 مئی تک جلسے کروں گا۔پی ٹی آئی کی لاہور میں چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی ریلی زمان پارک سے شروع ہوئی اور لکشمی چوک میٹرو اسٹیشن پر عمران خان نے اپنی گاڑی کے اندر سے ریلی سے خطاب کیا۔سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملک کو درپیش سنگین بحرانوں کے درمیان وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے غیر ملکی دوروں پر کڑی تنقید کی۔وزیر اعظم شہباز شریف اس وقت کنگ چارلس سوئم کی تاجپوشی کے لیے برطانیہ میں ہیں جب کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل میں شرکت کے لیے جمعرات کو بھارت گئے تھے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ سارے پاکستان میں عوام نکلی ہے ہر شہر ہر گاوں اور محلوں میں عوام نکلی ہے، آج عوام ایک مقصد کے لئے نکلی ہے، ہم اج قانون کی بالا دستی کے لئے نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپرقاتلانہ حملے ہوئے کسی کو پرواہ نہیں، قوم کا نقصان ہورہا ہے ان کو پرواہ نہیں ہے، قانون کی حکمرانی کے لیے سب لوگ نکل رہے ہیں، آئین کہتا ہے اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو 90 دن میں الیکشن ہوناہوتاہے، اس پر تمام وکلا اور ججز متفق ہیں لیکن ہماری اسمبلیاں تحلیل ہوئیں ہمیں الیکشن نہیں دیے جا رہے، نگران حکومت، وفاق اور الیکشن کمیشن سیمل کرالیکشن نہیں ہونے دے رہی۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں چیف جسٹس نے کہا ان کے ساتھ مذاکرات کرو ، ہم ان کے ساتھ مذاکرات کرنا شروع ہو گئے، ہمارے ساتھ ہر قسم کا بہانہ بنایا گیا ، کہا گیا پیسے نہیں ہیں، ان کی صرف ایک کوشش تھی الیکشن کو کسی طرح روکا جائے، انہوں نے آئین کی کھلی خلاف ورزی کی جو نظر آرہا کہ یہ کریں گے۔عمران خان کا کہنا تھاکہ میں کہنا چاہتا ہوں ساری قوم اس چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے، ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں، ہمارا آئین کہتا ہے اللہ کی حاکمیت کے بعد عوام کی حاکمیت ہے، اس وقت ملک مہنگائی کی دلدل میں پھنسا ہے، جب سے امپورٹڈ کرپٹ حکومت آئی ہے ملک کا پیسہ آدھا رہ گیا۔بلاول کے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت پر انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کی تذلیل ہورہی، بلاول بھٹو ہندوستان گیا بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کی تذلیل کی۔