90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ہم سڑکوں پر ہونگے، عمران خان

صدر عارف علوی ہمارے اور اسٹیبلیشمنٹ کے درمیان کسی قسم کا کردار ادا نہیں کر رہے،

باجوہ بھارت سے دوستی چاہتے تھے جس کیلئے مجھ پر دباو بھی ڈالا گیا

جنرل باجوہ کے خلاف احتساب فوج کے اندر سے ہونا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی کی صحافیوں سے گفتگو

لاہور( ویب  نیوز)

چیئرمین  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )عمران خان نے سڑکوں پر آنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ہم سڑکوں پر ہونگے،جنرل باجوہ بھارت سے دوستی چاہتے تھے جس کیلئے مجھ پر دباو بھی ڈالا گیا،جنرل باجوہ کے خلاف احتساب فوج کے اندر سے ہونا چاہیے ، عمران نے لاہور زمان پارک میں صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 90 روز کے اندر الیکشن نہ کروائے گئے تو ملک میں آئین نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہے گی جب کہ ہم سڑکوں پر ہونگے۔سابق آرمی چیف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ ایک روز کچھ کہتے ہیں اور دوسرے روز اس بات سے مکر جاتے ہیں، جنرل باجوہ کے خلاف احتساب فوج کے اندر سے ہونا چاہیے، جنرل باجوہ بھارت سے دوستی چاہتے تھے اور اس کے لیے مجھ پر دبا وبھی ڈالا گیا اس لیے معاملات خراب ہوئے، عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی ہمارے اور اسٹیبلیشمنٹ کے درمیان کسی قسم کا کردار ادا نہیں کر رہے،انہوں نے بتایا کہ شاہ محمود اور پرویز الہی کو دوسری جماعتوں سے رابطہ بحال کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے، پارٹی کے کسی بھی رکن کے دیگر جماعتوں اور سیاسی شخصیات سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پہلے سوموٹو کے ذریعے اسمبلی بحال کی تو اس وقت سو موٹو ٹھیک تھا، اب سپریم کورٹ نے الیکشن کے لیے سو موٹو لیا تو یہ لوگ سپریم کورٹ کے پیچھے پڑ گئے ہیں، کس قانون کے تحت توڑی گئی پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بحال ہو سکتی ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور آئی جی پنجاب جرائم پیشہ افراد ہیں، میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر حملہ کیا گیا۔ ان کے خلاف عدالت میں کیس درج کروانے جا رہا ہوں،میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر حملے کا کوئی جواز نہیں تھا، گھر پر حملے سے متعلق کیس تیار کر لیا ہے، جلد ہی فائل کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا نگران حکومت کو نیوٹرل کا کردار ادا کرنا چاہیے تھا جو وہ ادا نہیں کر رہے،چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا میڈیا پر ہمارا مکمل بلیک آوٹ کیا گیا، سوشل میڈیا بھی کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔۔