- وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کیلئے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر فراہمی میں مدد کرے ، عدالت کا حکم
- عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کردی
اسلام آباد (ویب نیوز)
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستانی منتقلی کیس میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لئے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کو 5 سال کا ویزا مل گیا۔پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستانی منتقلی کی درخواست کی جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے سماعت کی ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ امریکہ میں ملاقات کے لئے عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو 5 سال کا امریکی ویزہ مل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی تک تین دن کے دوران امریکی جیل میں ملاقات طے پا گئی۔ فوزیہ صدیقی اور امریکی وکیل کلائیو سمتھ عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لئے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر فراہمی میں مدد کرے ، عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات ، معلومات وکیل سے شیئر کی جائیں ، امریکی وکیل کلائیو سمتھ یقین دہانی کرائیں گے، معلومات عافیہ صدیقی کیس کے علاہ استعمال نہیں ہوں گی ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کردی۔