روس سے تیل کی درآمد بڑھنے سے قیمتوں میں واضح کمی ہوگی،معاہدے کی کمرشل تفصیلات ابھی نہیں بتا سکتے، مصدق ملک
اسلام آباد (ویب نیوز)
حکومت نے سستا پیٹرول اسکیم پر عملدرآمد آئی ایم ایف کے تحفظات دور ہونے تک موخر کر دیا ہے۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ سستا پیٹرول اسکیم پر شاید ہم آئی ایم ایف کو اپنا موقف ٹھیک طرح بتا نہیں سکے، سستا پیٹرول اسکیم پرعملدرآمد آئی ایم ایف کے تحفظات دورہونے تک موخرکر دیا۔مصدق ملک نے روس سے تیل کی درآمد بڑھنے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کی خوشخبری تو سنائی، البتہ معاہدے کی تفصیلات فی الحال منظر عام پر لانے سے گریز کیا۔ کہا ابھی روس سے تیل کا ایک کارگو منگوا رہے ہیں۔ روس سے تیل کی درآمد بڑھنے سے قیمتوں میں واضح کمی ہوگی تاہم معاہدے کی کمرشل تفصیلات ابھی نہیں بتا سکتے۔وزیر مملکت پیٹرولیم نے کہا کہ ایک پالیسی موجودہ ریفائنریز کو اپ گریڈ کرنے کی ہے، ریفائنریز میں 14 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کا معاملہ چند ماہ میں طے پا جائے گا۔ دوسری پالیسی نئی ریفائنریز لگانے سے متعلق ہے جو منظور ہو چکی۔مصدق ملک نے کہا کہ پرانی ریفائنریز کی اپ گریڈیشن سے متعلق وزارت خزانہ کے تحفظات دور کریں گے، ریفائنریز اپ گریڈیشن سے پیٹرول اور ڈیزل سستا ہوگا۔