- حلقہ این اے 108فیصل آباد میںتین امیدواران، این اے 118 ننکانہ صاحب میں4امیدواران انتخاب میںحصہ لے رہے
لاہور (ویب نیوز)
صوبہ پنجاب کے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 108فیصل آباد اور این اے 118ننکانہ صاحب میں نظر ثانی شدہ شیڈول کے مطابق 28مئی کو پولنگ کا انعقاد کیا جائیگا۔ ضمنی انتخابات این اے 108فیصل آباد اور این اے 118ننکانہ صاحب لاہور، 17مئی 2023 الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق حلقہ این اے 108فیصل آباد میں ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے امیدواران کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ مذکورہ حلقہ میں تین امیدواران انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف سے فرخ حبیب، تحریک لبیک پاکستان سے محمد سجاد اختر قادری اور پاکستان نظریاتی پارٹی سے خرم شہزاد شامل ہیں۔ این اے 108فیصل آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 5لاکھ 11ہزار 587ہے۔جن میں مرد 2لاکھ 73ہزار 32ووٹرز اور خواتین 2لاکھ 38ہزار 555ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ مذکورہ حلقے میں کل 354پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 281انتہائی حساس، 41حساس اور 32نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ این اے 108فیصل آباد میں 354پولنگ اسٹیشنز کے اندر 558مردانہ اور 526زنانہ پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔ پولنگ ڈے پر پولنگ اسٹیشن پر ڈیوٹی سرانجام دینے کیلئے 354پریزائیڈنگ افسران، 1084اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور 1084 پولنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔اسی طرح این اے 118 ننکانہ صاحب مین 4امیدواران انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اعجاز احمد شاہ، متحدہ قومی موومنٹ سے آغا محمد علی خان جبکہ سعید احمد ظفر اور فیصل رشید بھٹی بطور آزاد امیدواران شامل ہیں۔ این اے 118 ننکانہ صاحب کی حتمی پولنگ سکیم کے مطابق حلقہ میں کل 4لاکھ 43ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جن میں 2لاکھ 44ہزار 784مرد اور 1لاکھ 98ہزار 226خواتین شامل ہیں۔ حلقے میں 326 پولنگ اسٹیشنز میں 838پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے جن میں سے 460مردانہ اور 378زنانہ پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔ این اے 118ننکانہ صاحب کے کل 326پولنگ اسٹیشنز میں سے 134انتہائی حساس، 53حساس اور 139نارمل پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی کیلئے 334پریزائیڈنگ افسران، 880اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 880پولنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔28مئی کے ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ڈے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اور الیکشن کمیشن متعلقہ سکیورٹی اداروں کے تعاون سے صاف شفاف اور پر امن انتخاب کے انعقاد کو یقینی بنائے گا