- ہم نے مستقبل کے تعاون کے روڈ میپ کیلئے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور بجلی کے شعبوں کو ترجیحات بنایا ہے
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مند پشین بارڈر مارکیٹ اورگبد پولان ٹرانسمیشن لائن منصوبوں سے سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے ساتھ انتہائی تعمیری اورنتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے اور ہم نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کو تیزکرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم نے مستقبل کے تعاون کے روڈ میپ کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور بجلی کے شعبوں کو ترجیحات بنایا ہے، اس مقصد کے لیے آزاد تجارت کے معاہدے پر کام کی رفتار تیزکرنے کوترجیح دی جائے گی۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے جمعہ کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بلوچستان کے لوگوں کے لیے ایک یادگار دن تھا۔ مندپشین بارڈر مارکیٹ اور پولان گبد ٹرانسمیشن لائن کے مشترکہ افتتاح سے سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ سرحدی منڈیوں کے ذریعے تجارت کی بڑی گنجائش ہے جن سے ہم استفادہ کریں گے۔ میں ان تمام لوگوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے 2009 سے زیر التوا ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی ریکارڈ چار ماہ میں تکمیل کو یقینی بنایاہے۔