ترکی اور سعودی عرب بھی سری نگر میں ہونے والے جی20 اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے
چین ، ترکی اور سعودی عرب نے بھی سری نگر میں جی20 اجلاس میں شرکت کی رجسٹریشن نہیں کرائی۔ انڈین ایکسپریس
نئی دہلی( ویب نیوز)
چین کے بعد ترکی اور سعودی عرب بھی سری نگر میں ہونے والے جی20 اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پیر کو سری نگر میں جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ کی میٹنگ شروع ہو گئی ۔تین ممالک چین، ترکی اور سعودی عرب نے اجلاس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن نہیں کرائی۔ سیاحت کے بھارتی سکریٹری اروند سنگھ نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے ونڈو 22 مئی کی صبح تک کھلی رہے گی۔ اس سے قبل چین نے سری نگر میں ہونے والے جی20 اجلاس کی مخالفت کرتے ہوئے شریک نہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ چین ایسے کسی بھی جی20 اجلاس کی مخاالفت کرے گا جو متنازع مقام پر ہو، اور اس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔بھارت کے پاس رواں سال جی20 کی سربراہی موجود ہے اور سیاحت کے حوالے سے ہونے والے جی20 اجلاس کی میزبانی بھی وہی کر رہا ہے جبکہ اس نے ستمبر میں نئی دہلی میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے لیے بھی ملک بھر میں میٹنگز کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ کشمیری قیادت کا کہنا ہے کہ بھارت سری نگر میں جی 20 اجلاس کے زریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنا چاہتا ہے کہ کشمیر کے حالات معمول کے مطابق ہیں ۔ بھارت 2019 میں مسلم اکثریتی ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا قانون ختم کر نے اسے دو حصوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کے فیصلے کی توثیق بھی چاہتا ہے ۔