ملک میں غیریقینی سیاسی صورتحال اورآئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر، بجٹ شیڈول متاثر
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کا شیڈول دوسری بار تبدیل کر کے 22 مئی کو طلب کر لیا گیا
اجلاس میں موجودہ مالی سال کی جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ جاری کیا جائے گا،ذرائع
زراعت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے مالی سال کے لیے اہداف کا تعین کیا جائے گا
سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون تک ملتوی، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جون کے پہلے ہفتے میں ہوگا
نئے مالی سال کا بجٹ 9 جون کو پیش کرنے کا پلان ہے، حکام وزارتِ خزانہ
اسلام آباد(ویب نیوز)
ملک میں غیریقینی سیاسی صورتحال اور آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کے باعث اگلے بجٹ کا شیڈول متاثر ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے شیڈول میں دوسری بار تبدیلی کر کے اسے 22 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ مالی سال کی جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ جاری کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں زراعت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے مالی سال کے لیے اہداف کا تعین کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی کابینہ سے اگلے ہفتے منظوری متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون تک ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جون کے پہلے ہفتے میں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 3 جون کو نہ ہو سکا تو بجٹ کی تاریخ بھی تبدیل کرنا پڑے گی جبکہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر 16 اپریل تک کابینہ سے منظور ہونا چاہیے تھا۔دوسری جانب وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ 9 جون کو پیش کرنے کا پلان ہے۔