اجتماعی کوششوں سے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہوںگے،صدرمملکت
بھارت کے دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے
ہماری پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا،یوم تکبیرپرپیغام
قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے۔شہبازشریف
جب بات پاکستان کی آ جائے تو سیاسی اختلاف، مفاارا ہےد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے
28 مئی کوایٹمی دھماکے کرکے قیادت نے، اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ وزیراعظم
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ یوم تکبیر کے موقع پر پیغام میں صدر نے کہا ہے کہ میں یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کے دن 25 سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے۔ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا اور اس کے لئے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، اس وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے۔ اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا۔انہوںنے کہا کہ ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لئے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا،اس کے لئے ہماری پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ آج کے دن، آئیں ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے اور اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں۔ مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے،اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین!
قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے۔وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے،جب بات پاکستان کی آ جائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے، قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف یوم تکبیر پر پیغام میں کہا کہ25 سال قبل اہل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا۔یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے۔ کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ آج میں اس وقت کے وزیراعظم اور میرے قائد محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صرف اللہ تعالی کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی سوپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی لالچ ہی انہیں ان کے آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی۔ نواز شریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔ ہم ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور اس کے لئے قربانیاں دیں۔ بے نظیر بھٹو شہید کو بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1998 میں قائد حزب اختلاف کے طور پر وزیراعظم نواز شریف کے جوہری دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔ آج کی نوجوان نسل کو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور حکومت میں سیاسی کشیدگی انتہاؤں پر تھی لیکن مادر وطن کے لئے انہوں نے سیاسی اختلاف بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ یہ ہے اس دن کی اصل اہمیت اور پیغام۔ جب بات پاکستان کی آ جائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے۔ میں ڈاکٹر عبد القدیر خان مرحوم سمیت پاکستان کے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز، سائنسدانوں، انجینئرز سمیت کارکنوں اور کسی بھی شکل میں اس کا حصہ رہنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ میں پاکستان کے ان تمام دوست ممالک خاص طور پر برادر سلطنت سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو پاکستان کے محسن ہیں۔ جب پاکستان کو اس کی آزادی، خودمختاری اور دفاع کے حق پر عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تو ہمارے ان عظیم محسنوں نے بین الاقوامی دبا ؤخاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کا ساتھ دیا۔ پاکستانی قوم اس احسان کو کبھی نہیں بھول سکتی۔ آج کے دن کا سبق یہ ہے کہ قوم متحد ہو کر ہر مشکل کا سامنا کر سکتی ہے اور سرخرو ہو سکتی ہے۔28 مئی کو پوری دنیا ایک طرف تھی، دباؤ، دھمکیاں اور لالچ تھی لیکن وطن کی قیادت نے، اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ ہم نے معاشی مشکلات کا بھی سامنا کیا۔ قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے اور دشمنوں کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ افواج اور عوام کو ٹکرا دے۔یہ اعزاز صوبہ بلوچستان کو حاصل ہوا، چاغی پہاڑ ہمارے قومی عزم اور افتخار کی علامت بن کر سربلند ہے اور رہے گا، ان شااللہ۔ یہاں نعرہ تکبیر کی جو گونج 28 مئی 1998 میں پیدا ہوئی، ازل تا ابد یہ گونجتی اور اعلان کرتی رہے گی کہ اللہ تعالی کے سوا ہمارا سر کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ اس مبارک دن میں اپنے دل کی یہ انتہائی آرزو بھی بیان کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں پاکستان کو اب معاشی قوت بنانا ہے۔ اس کے لئے ہمیں وہی اتحاد ، عزم، توجہ اور تسلسل درکار ہے جس کا مظاہرہ ہماری قوم نے جوہری پروگرام کے لئے کیا۔ آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے۔ معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے۔