پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت آئی ایم ایف کا مینڈیٹ نہیں،عائشہ غوث پاشا
پاکستان قانون کے مطابق ہی چل رہا ہے، آئی ایم ایف مشن چیف کا بیان غیر معمولی نوعیت کا ہے
آئی ایم ایف سے ڈیل نہ ہوئی تو وزارت خزانہ آنکھیں بندکرکے نہیں بیٹھی، ہر وقت پلان بی بھی موجود ہوتا ہے
نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائیگا،کوشش ہوگی عام آدمی پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے، وزیر مملکت خزانہ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد( ویب نیوز) شہباز شڑیف
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت آئی ایم ایف کا مینڈیٹ نہیں،آئی ایم ایف مشن چیف کا بیان غیر معمولی نوعیت کا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان قانون کے مطابق ہی چل رہا ہے، آئی ایم ایف مشن چیف کا بیان غیر معمولی نوعیت کا ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت آئی ایم ایف کا مینڈیٹ نہیں ، قرض پروگرام میں تاخیر پاکستان اور آئی ایم ایف دونوں کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو شرائط پر عمل درآمد اور پروگرام مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، امید ہے نئے بجٹ سے پہلے سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ30 جون کو آئی ایم ایف پروگرام ختم ہو جائیگا، آئی ایم ایف سے ڈیل نہ ہوئی تو وزارت خزانہ آنکھیں بندکرکے نہیں بیٹھی، ہر وقت پلان بی بھی موجود ہوتا ہے، ہماری ترجیح آئی ایم ایف پروگرام ہے۔انہوںنے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ الیکشن ایئربجٹ ہوگا، نیا بجٹ 9 جون کے حساب سے تیار کیا جا رہا ہے، نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائیگا،کوشش ہوگی عام آدمی پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے، آئی ایم ایف پاکستان کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی اجازت دیتا ہے۔