• ڈاکٹر رضوان 14روز میں معافی مانگیں ورنہ قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں،نوٹس

لاہور (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیکل رپورٹ تیار اور جاری کرنے والے ڈاکٹر کو بھی قانونی نوٹس بھجوا دیا۔عمران خان کی منظوری سے پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کو 10 ارب روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا گیا۔نوٹس عمران خان کے وکیل بیرسٹر محمد احمد پنسوٹہ کی جانب سے بھجوایا گیا ۔عمران خان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر رضوان سے جعلی اور من گھڑت میڈیکل رپورٹ تیار کرنے پر 10 ارب روپے کے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔نوٹس کے متن کے مطابق ڈاکٹر رضوان عمران خان سے غیر مشروط معافی مانگیں اور قومی و بین الاقوامی میڈیا میں نشر کریں، پروفیسر ڈاکٹر رضوان 14روز میں معافی مانگیں ورنہ قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔نوٹس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر رضوان کے خلاف ہتک عزت، دیگر دیوانی اور فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔عمران خان کے نوٹس کے متن کے مطابق جعلی میڈیکل رپورٹ کی تیاری و اجرا پر ڈاکٹر رضوان کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے بھی رجوع کیا جائے گا۔