بھارتی  پیراملٹری فورسز کے مزید30 ہزار جوان مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا فیصلہ
ہندووں کی مقدس امرناتھ یاترایکم جولائی سے 31 اگست تک رہے گی
مقبوضہ جموں و کشمیر میں  پہلے سے ہی  لاکھوں بھارتی فوجی تعینات ہیں ہو گی

نئی دہلی ،سری نگر( ویب نیوز )

بھارتی حکومت نے پیراملٹری فورسز کے مزید30 ہزار جوان مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بھارتی پیراملٹری فورسز کی3 سو کمپنیوں کوپہلگام میں تعینات کیا جائے گا ۔ پہلگام میں ہندووں کی مقدس امرناتھ یاترایکم جولائی سے شروع  ہو کر 31 اگست تک 62 دن تک جاری رہے گی ، ہندو یاتریوں کی حفاظت کے نام پربھارتی پیراملٹری فورسز کی3 سو کمپنیوں کوپہلگام میں تعیناتی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں سے 200 کمپنیوں کو بھی  پہلگام  منتقل کیا جارہا ہے ۔بھارتی پیراملٹری فورسز میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس،بارڈر سکیورٹی فورسیز، سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورسیز، انڈو تبتین بارڈر پولیس اور ششتر سیما بل شامل ہیں۔ بھارتی اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اضافی فورسز کی تعیناتی اور دیگر سیکوروٹی امور پر بھارتی وزارت داخلہ نے اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ بھارتی اخبار ایکسلسیر کے مطابق  حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں پولیس کے مطالبے پرسالانہ یاترا کے لیے پیراملٹری فورسز کی 300اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی جو یکم جولائی سے شروع ہوگی اوررواں سال 31اگست یعنی 62دن تک جاری رہے گی۔ حکام نے بتایاکہ گزشتہ سال سالانہ یاترا کے لیے جموں و کشمیر کو پیراملٹری فورسز کی سب سے زیادہ 300کمپنیاں دی گئی تھیںکیونکہ یہ یاترا جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور اس کی تقسیم کے بعد پہلی بار ہو رہی تھی۔  بھارتی  وزیر داخلہ امت شاہ جون کے  آخر میںجموں و کشمیر کا دورہ بھی کریں گے ۔۔یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں  پہلے سے ہی  لاکھوں بھارتی فوجی تعینات ہیں ۔بھارتی فورسز کی بڑی تعداد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے کے لیے تعینات کی گئی ہے۔ 5 اگست 2019   کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے وقت  بھی اضافی فوج تعینات کی گئی تھی ۔ 5 اگست کے بعد وادی میں فوج کی تعیناتی میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس سے مقبوضہ وادی میں انسانی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے ۔ عالمی برادری کو اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال ہے۔ وہاں تعینات فورسز کشمیریوں کے خلاف ظلم کا ہر حربہ اور ضابطہ روا رکھے ہوئے ہیں۔