کراچی کی میئر شپ کیلئے حافظ نعیم الرحمن کے کاغذاتِ نامزدگی منظور
جماعتِ اسلامی کے ڈپٹی میئر کے امیدوار قاضی سید صدرالدین اور سیف الدین کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے
الیکشن کمیشن کے پاس موقع ہے کہ اپنی ساکھ بحال کرے، پیپلز پارٹی کا چہرہ دنیا کو دکھانے جا رہے ہیں،حافظ نعیم الرحمن کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(ویب نیوز)
جماعتِ اسلامی کے کراچی کی میئر شپ کے لیے امید وار حافظ نعیم الرحمن کے کاغذاتِ نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لئے گئے۔جماعت اسلامی کے میئر کے دیگر امیدواروں سیف الدین اور جنید مکاتی کے بھی کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو گئے۔جماعتِ اسلامی کے ڈپٹی میئر کے امیدوار قاضی سید صدرالدین اور سیف الدین کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے۔15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب کیا جائے گا۔ امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ روز ریجنل الیکشن کمیشن میں میئر کراچی کے لیے نامزدگی فارم جمع کرائے تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا چہرہ دنیا کو دکھانے جا رہے ہیں، میئر کے انتخاب سے قبل قانون میں ترمیم کی گئی، ہم نے ترمیم کے خلاف کیس کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ عدالت اس ترمیم کو مسترد کر دے گی۔حافظ نعیم الرحمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ الیکشن نہیں فراڈ کا عمل جاری ہے، کچھ بھی کر لیں یہ سب ناکام ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن کے پاس موقع ہے کہ اپنی ساکھ بحال کرے، اس وقت پیپلز پارٹی کا کراچی پر مکمل قبضہ ہے۔